پاکستانی شہری کا امریکہ کے خلاف ہرجانے کا دعوی
نو جولائی کو پاکستانی ذرائع ابلاغ میں ، کووڈ-۱۹سے متاثرہ ایک پاکستانی شہری کے بارے میں نشر ہونے والی ایک خبر نے سب کو توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ۔ تفصیلات کے مطابق رضا علی نامی پاکستانی شہری ،جو لاہور میں رہتا ہے اور حال ہی میں کووڈ -۱۹ سے صحت یاب ہوا ہے ، نے امریکہ کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ اپنے اور پاکستان کو ہونے والے نقصانات کے لئے 20 بلین امریکی ڈالر ہرجانہ دے۔
انہوں نے یہ مقدمہ لاہور میں امریکی قونصل جنرل ، پاکستان میں امریکی سفارت خانے اور امریکی صدر کے خلاف دائر کیا ہے۔ رضا علی کا کہنا ہے کہ کووڈ-۱۹ایک عالمی وبا ہے اور وبا کے پھیلاو کے حوالے سے امریکہ نے نہایت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ امریکی رہنماؤں نے کئی ماہ تک عالمی ادارہ صحت کے انتباہات کو نظرانداز کرتے ہوئے ، میڈیا میں جھوٹ بولا ، ملک میں وبا کی اصل صورتِ حال کو چھپا یا اور دوسروں پر الزام تراشی کی ۔ امریکی رہنماؤں کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور غیر موثر ردعمل نے وبا کو پوری دنیا میں پھیلادیا ہے۔
رضا علی نے کہا کہ کووڈ-۱۹ کی وجہ سے وہ اور ان کے اہل خانہ مشکلات کا شکار ہیں ، ان کی صحت کو شدید نقصان پہنچا ہے ، اور پاکستانی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ دنیا میں کووڈ-۱۹ کا پھیلاو امریکہ کی وجہ سے ہے ، لہذا انہوں نے امریکی حکومت پر ۲۰ بلین امریکی ڈالر ہرجانے کا دعوی دائر کیا ہے۔