"علی بابا " پاکستان میں

2018-05-27 16:56:51
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

تحریر : شاہد افراز خان

تحریر : شاہد افراز خان


حالیہ دنوں ایک خبر نظر سے گزری کہ چین میں ای کامرس یا آن لائن کاروبار کرنے والے سب سے بڑے ادارے " علی بابا " نے پاکستان اور دیگر  ایشیائی ممالک میں آن لائن تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے فعال ادارے " دراز پی کے " کو خرید لیا ہے۔" دراز پی کے " پاکستان سمیت سری لنکا ، بنگلہ دیش ، نیپال اور میانمار میں صارفین کو آن لائن خریداری کے حوالے سے خدمات فراہم کر رہا تھا اور ادارے کی جانب سے بتایا گیا کہ علی بابا کی سربراہی میں ادارہ اسی نام سے ہی اپنے  تمام امور جاری رکھے گا۔

قارئین چین میں آن لائن خریداری کا رحجان دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت کہیں زیادہ ہے  اور چین میں قیام کے دوران یہ زاتی مشاہدہ رہا کہ آن لائن خریداری نے شہریوں کی زندگیوں میں بہت آسانیاں پیدا کی ہیں۔اس سارے عمل میں چینی ادارے " علی بابا " کا ایک کلیدی کردار ہے لہذا  یہ امید کی جا سکتی ہے کہ اب پاکستانی صارفین بھی آن لائن خریداری کے حوالے سے چینی ادارے کی مہارت اور سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔

پاکستانی صارفین کے لیے آن لائن خریداری کے حوالے سے کیسے یہ ایک اچھی خبر ہے اِس کی وضاحت ضروری ہے اور ایک مثال سے قارئین آپ کو  اندازہ ہو جائے گا کہ آنے والے وقت میں پاکستان میں آن لائن خریداری کا کیا رحجان ہو سکتا ہے۔

قارئین دنیا کے دیگر ممالک کی طرح چین میں بھی قومی دنوں اور روایتی تہواروں کو منانے کے لیے مخصوص دن ہیں لیکن ایک دن ایسا بھی ہے جو صرف آپ کو چین میں ہی جوش خروش سے مناتے ہوئے دیکھنے کو ملے گا۔ بس یوں سمجھیں کہ دنیا میں خریداری کا سب سے بڑا دن ہے یا اسے آپ دنیا کا سب سے بڑا " شاپنگ فیسٹیول " قرار دے سکتے ہیں۔ چلیے آپ کو بتاتے ہیں اس دن کی تفصیلات۔ گیارہ نومبر کو اگر ہم عددی صورت میں لکھیں تو یہ بنتا ہے 11.11 ۔گیارہ نومبر کو چین میں" سنگل ڈے "کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے جس کا مطلب  یہ دن اُن مرد و خواتین کے نام ہے جو  اب تک یا تو  تنہا ہیں یا پھر مستقبل میں بھی تنہا ہی زندگی گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یوں بھی کہا جا سکتا ہے کہ گیارہ نومبر سنگل ڈے اُن لوگوں کا دن ہے جنہیں اب تک اپنا جیون ساتھی نہیں مل سکا ہے اور تنہائی ابھی تک ان کا مقدر ہے سو  اِس دن یعنی 11.11 کو  اِن لوگوں کے پاس یہ موقع ہوتا ہے کہ وہ بھی سماجی تقریبات میں شامل ہوں بلکہ ایسے افراد کے اعزاز میں با قاعدہ تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں جو اب تک تنہا زندگی کا لطف اٹھا رہے ہیں۔خیر یہ تو بات ہو گئی "سنگل" لوگوں کی لیکن چین میں آن لائن خریداری اور خدمات کی فراہمی کے ادارے علی بابا نے   اب اس دن کو دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ فیسٹیول  میں بدل دیا ہے۔

شاپنگ فیسٹیول سے مراد یوں لی جا سکتی ہے  اِس دن ہوتا کیا ہے کہ آن لائن خریداری پر بڑے پیمانے پر" بچت اسکیمیں " متعارف کروائی جاتی ہیں اور یقین مانیے ایک چھوٹی سی سوئی سے لے کر بڑی بڑی اشیاء کی خریداری تک انتہا کی بچت  کی جا سکتی ہے۔اِس دن چینی لوگوں میں خریداری کا جذبہ عروج پر ہوتا ہے اور یقین مانیے چینی لوگ سارا سال اس دن آن لائن شاپنگ کے لیے  پیسے بچاتے ہیں اور 11.11 کو وہ سارے پیسےصرف چند گھنٹوں میں خرچ کر ڈالتے ہیں۔

 چلیے کچھ اعداد و شمار سے آپ کو پتہ چلے گا کہ اس دن کس قدر بڑے  پیمانے پر آن لائن خریداری کی جاتی ہے۔گزشتہ برس سال دو ہزار سترہ کے دوران  11.11 کو علی بابا سے خریداری کی مجموعی مالیت پچیس ارب امریکی ڈالرز سے زائد رہی جو دنیا بھر میں آن لائن خریداری کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ ہے۔ جس طرح پاکستان میں ہم دیکھتے ہیں کہ جیسے ہی کوئی" سیل" وغیرہ لگتی ہے یا پھر بچت اسکیم آتی ہے تو لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ شروع میں ہی اس سے فائدہ اٹھایا جائے اور پہلے ہی روز  خریداری کر لی جائے ۔ اب چونکہ چین میں تو یہ دن 11.11 ہے ہی صرف ایک روز کے لیے سو پہلے ہی گھنٹے میں لوگ کوشش کرتے ہیں کہ خریداری کر لی جائے ۔  قارئین آپ کو مزید حیرت ہو گی کہ گزشتہ برس سال دو ہزار سترہ میں  گیارہ نومبر کا آغاز ہوتے ہی، مطلب رات بارہ بجتے ہی، بارہ بج کر دو منٹ پر  صرف دو منٹ کے اندر  ایک ارب ڈالر کی خریداری کی جا چکی تھی جبکہ صرف ایک گھنٹے کے دوران خریداری کی مجموعی مالیت دس ارب ڈالرز سے تجاوز کر چکی تھی۔

سال دو ہزار سولہ کے دوران  11.11 کو  علی بابا سے خریداری کی مجموعی مالیت  17.8ارب ڈالرز رہی جس سے آپ کو بہتر اندازہ ہو گا کہ کیوں یہ دن دنیا میں آن لائن شاپنگ کا سب سے بڑا دن ہے۔

آپ کی دلچسپی کے لیے بتاتے چلیں کہ چین میں گیارہ نومبر کو کی جانے والی آن لائن خریداری برازیل کی پورے سال کی آن لائن خریداری سے زیادہ ہے جس سے آپ کو اس دن کی اہمیت کا اندازہ ہو گا۔اسی طرح امریکہ کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں آن لائن خریداری کا رحجان کافی زیادہ ہے اور اگر ہم سال دو ہزار سولہ کے اعداد و شمار کا جائزہ لیں تو تین مواقع ایسے رہے جس دوران بچت آفرز کی وجہ سے آن لائن خریداری زیادہ کی گئی ۔ ان مواقعوں میں بلیک فرائیڈے ، سائبر منڈے اور تھینکس گیونگ شامل ہیں۔ یہ تین مواقع امریکہ میں آن لائن خریداری کے مقبول ترین دنوں میں شمار کیے جاتے ہیں ۔ سال دو ہزار سولہ کے دوران تینوں مواقعوں پر خریداری کی مجموعی مالیت  پانچ اعشاریہ نو ارب ڈالرز رہی جس کا مطلب یہ ہوا کہ چین میں صرف ایک دن یعنی 11.11 کو کی جانے والی 17.8ارب ڈالرز مالیت کی خریداری ان تینوں مواقعوں پر امریکہ کی مجموعی آن لائن خریداری سے تین گنا زیادہ ہے  ۔

سنگل ڈے کے موقع پر چین میں آن لائن خریداری کی تمام معروف ویب سائٹس مثلاً تاو باو ، جے ڈی وغیرہ پر  تقریباً ہر چینی فرد آپ کو خریداری کے لیے کچھ نہ کچھ  تلاش کرتا ہوا ملے گا ۔

پاکستان کی طرح چین میں بھی ہمیں شاپنگ کے معاملے میں خواتین کا راج نظر آتا ہے اور چونکہ ہمارے دفتر  میں بھی خواتین کی تعداد  کافی زیادہ ہے لہذا  11.11 کو خواتین اپنے موبائل فون ، لیپ ٹاپس  اور کمپیوٹرز پر مصروف نظر آئیں گی اور جیسے ہی کوئی اچھی بچت آفر دیکھی نہ صرف خود وہ چیز خریدی بلکہ دیگر ساتھی خواتین کو بھی بتایا کہ دام اچھے ہیں سو فوری فوری خرید لیں اس سے قبل کہ اسٹاک ختم ہو جائے۔

آن لائن خریداری تو 11.11 کو کر لی اب دوسرا مرحلہ خریدی جانے والی اشیاء کی ترسیل کا ہے یا ہم یوں کہہ سکتے ہیں آن لائن اشیاء کی ہوم ڈلیوری کا مرحلہ درپیش ہے۔اگرچہ چین بھر میں ہوم ڈلیوری سروس  بہت تیز  اور معیاری ہے  اور  اشیاء فوری پہنچ  بھی جاتی ہیں لیکن چونکہ 11.11 کے موقع پر   وسیع پیمانے پر خریداری کی جاتی ہے لہذا آپ کو اپنی من پسند شے وصول کرنے کے لیے انتظار کی صعوبت کچھ دن برداشت کرنا ہو گی لیکن وہ کہتے ہیں نا کہ صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے سو  11.11 کو  خریداری کے بعد زاتی تجربے کی روشنی میں وثوق سے کہا جا سکتا ہے  صبر کا پھل میٹھا بھی ہو گا اور ملے گا بھی ضرور۔

چلیے اب پاکستان میں دیکھتے ہیں کہ آن لائن خریداری اور صارفین کا کیا ردعمل سامنے آتا ہے اور علی بابا چین کی طرح پاکستان میں بھی کیسے پاکستانی صارفین کا اعتماد حاصل کرنے اور دل جیتنے میں کامیاب رہتا ہے۔


شیئر

Related stories