نوجوانوں کو ترقی کے ہر موقع کی پاسداری کرنی چاہئے
آج 7 جولائی ،چین کی جامعات میں داخلے کے امتحان کا دن ہے۔ چینی وزارت تعلیم کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، رواں سال ملک بھر میں جامعات میں داخلے کے امتحانات کے لیے درخواست دہندگان کی تعداد 10.71 ملین ہے ۔ مطلب یہ کہ اس وقت 10.71 ملین نوجوان اپنی زندگی کے ایک بہت اہم امتحان میں شرکت کر رہے ہیں ۔ امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ آئندہ اعلی معیار ِ تعلیم کے ایک بے کراں سمندر سے تعلیم کے موتی چننے کا موقع حاصل کر سکیں گے جو ان کی پوری زندگی کو بدل دے گا ۔
رواں سال یہ امتحان ایک اور حوالے سے بھی بہت خاص ہے ۔ کووڈ -۱۹کی وبا کی وجہ سے پورے ملک میں یہ امتحان مقررہ تاریخ سے ایک ماہ بعد ہوا ہے اور وبا کے بعد سب سے وسیع پیمانے پر منعقد ہونے والی پہلی بڑی اجتماعی سرگرمی ہے ۔لہذا امتحان کے مقامات میں داخلے کے لیے حفاظت کے ساتھ ساتھ انسداد وبا کےخصوصی اقدامات بھی اختیار کیے جا رہے ہیں ۔ طلبہ بھی ماسکس اور دیگرحفاظتی اشیا کا اہتمام کیے ہوئے ہیں ۔
موجودہ امتحان اس حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ چینی معاشرے میں انصاف اور غیر جانبداری کی علامت کے طور پر ، جامعات میں داخلے کے لیے ہر ایک کو یکساں مواقع اور انتخاب فراہم کرتا ہے۔ پچھلی چند دہائیوں کے دوران ، بہت سارے افراد نے اس امتحان کے ذریعے اپنی تقدیر بدلی اور ان کی زندگیوں نے ایک اہم موڑ لیا۔ چینی معاشرےمیں کئی ایسے معاملات ہیں جن پر لوگوں کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے ، اور جامعات میں داخلے کا امتحان یقیناً ان میں سے ایک ہے اور چین کے مختلف علاقوں کےتمام شہریوں کے خیال میں یہ نوجوانوں کی ترقی کا اہم اورمنصفانہ موقع ہے۔ یہ شہر سے لے کر دیہی علاقوں تک ، ہر خاندان ہر اسکول اور پورے معاشرے کی توقعات پوری کرتا ہے۔
ہم ،آج ، اس چار روزہ امتحانی عمل میں شریک تما م طلبہ کے لیے دعاگو ہیں کہ وہ کامیاب رہیں ۔ بے شک جامعات میں داخلے کا امتحان ایک فرد کی ترقی کا واحد ذریعہ نہیں ہے لیکن یہ زیادہ تر لوگوں کے لیے سب سے زیادہ قابل قدر اور سب سے زیادہ مقبول راستہ ہے ۔ کہا جا سکتا ہے کہ یہ امتحان بہت سے چینی خاندانوں اور نوعمر نوجوانوں کا خواب ہے۔
نوجوانو! محنت کرو ، اپنےخواب کی تکمیل کے لیے کوشش کرو ۔ جیساکہ چینی صدر مملکت شی جن پھنگ کا کہنا ہے کہ "انسان کی زندگی میں جوانی صرف ایک بار ہے ، جوانی کے وقت جدوجہد کی جانی چاہیئے تاکہ مستقبل میں اسے یاد کیا جا سکے" ۔