چین کی انسداد وبا کے ساتھ ساتھ اقتصادی بحالی کی ایک نئی راہ کی جستجو ، شعبہ اردو کا تبصرہ
ایک مشہور چینی شعر ہے کہ" پہاڑ ہی پہاڑ میرے سامنے ، کوئی راستہ سجھائی نہیں دے رہا،لیکن اچانک ایک گاوں نظر آیا ،پھولوں اور درختوں سے سجا ہوا ۔ "اس شعر کی تشریح کچھ یوں ہے کہ بڑی مشکلات کے سامنے امیدیں بھی برقرار رکھنی چاہیئے۔آج کل دنیا کے دیگر ممالک کی طرح چین کو بھی کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔وبائی صورتحال پر تو عارضی طور پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن انسدادی اقدامات بدستور جاری ہیں۔جنوبی علاقے میں سیلاب کی وجہ سے لوگ بہت متاثر ہو رہے ہیں۔عالمی وبا کی وجہ سے بیرونی تجارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود سولہ جولائی کو جاری تازہ اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ چینی معیشت بتدریج بحال ہو رہی ہے۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق پہلی ششماہی میں جی ڈی پی کی مجموعی مالیت 456.614 کھرب آر ایم بی رہی جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 1.6% کم رہی ہے۔لیکن سہ ماہی کے اعدادوشمار پر اگر نظر ڈالی جائے ،تو پہلی سہ ماہی میں گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 6.8% کمی ہوئی جب کہ دوسری سہ ماہی میں 3.2% کا اضافہ ہوا ہے۔عالمگیر وبا کے باعث اس قدر سنگین مشکلات کے باوجود چینی معیشت میں اضافہ ہونے لگا ہے جو نہ صرف چین کے لیے خوش آئند ہے بلکہ دنیا کی اقتصادی ترقی کے لیے بھی امید پیدا ہوئی ہے۔
اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ اس دوران کچھ شعبہ جات کو زیادہ مشکلات درپیش ہیں بالخصوص خدمات کی صنعت کو ۔چونکہ لوگ اجتماعی سرگرمیوں اور سفر سے گریز کر رہے ہیں لہذا ہوٹل اور کیٹرنگ صنعت زیادہ متاثر ہوئی ہے ،ان شعبہ جات کی بحالی نسبتاً سست ہوگی۔اس تناظر میں حکومت کی جانب سے لازمی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔مثلاً چودہ جولائی کو وزارت ثقافت اور سیاحت نے اعلان کیا کہ دوسرے صوبوں تک گروپس کی صورت میں سفری سرگرمیاں بحال ہو سکتی ہیں۔اسی طرح سولہ جولائی کو شعبہ فلم کے قومی بیورو نے سینما گھروں کے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔علاوہ ازیں، پندرہ تاریخ کو چین کے تیرہ محکموں نے صارف منڈی کو متحرک کرنے اور وسیع روزگار کو آگے بڑھانے کے لئے نئے فارمیٹس اور نئے ماڈلز کی صحت مند ترقی کی حمایت سے ایک مشترکہ منصوبہ جاری کیا جس میں آن لائن تعلیم ، آن لائن طبی نگہداشت، آن لائن آفس ، نئی ٹیکنالوجیز کی بنیاد پر "خودکار معیشت" سمیت دیگر پندرہ نئے فارمیٹس اور نئے ماڈلز شامل ہیں۔مذکورہ اقدامات جیسے پالیسیوں کی مدد سے مشکلات سے نبردآزما چینی معیشت آہستہ آہستہ بحالی کے راستے پر گامزن ہے۔
جس طرح چینی صدر شی جن پھنگ کا کہنا ہے کہ "بحران میں نئے مواقع کو پروان چڑھایا جائے "،اسی طرح چین انسداد وبا کے ساتھ ساتھ اقتصادی بحالی کی ایک نئی راہ کی جستجو کر رہا ہے ۔