نوجوان ، چین پاک سدا بہار دوستی کی ایک مضبوط قوت: شعبہ اردو کا تبصرہ

2020-08-13 16:14:46
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

چین پاک دوستی کو ہمالیہ سے بلند ، سمندر سے گہری ،شہد سے میٹھی اور فولاد سے مضبوط قرار دیا جاتا ہے ۔ خوشگوار چین پاک تعلقات اور سدا بہار چین۔ پاک دوستی کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ نوجوانوں بالخصوص طلباء کے درمیان ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال ،ہم آہنگی اور رابطوں کا فروغ اشد ضروری ہے ۔

چینی صدر مملکت شی جن پھنگ نوجوانوں کے کردار کو نمایاں اہمیت دیتے ہیں ۔ ان کی نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور اسی باعث وہ چین میں موجود بیرونی ممالک کے طلباء کی بھی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں۔ ابھی کچھ عرصہ قبل ہی سترہ مئی 2020 کو ، شی جن پھنگ نےبیجنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے تمام پاکستانی طلبا کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ چین دنیا بھر کے نوجوانوں کا چین میں حصول تعلیم کا خیرمقدم کرتا ہے ، اور امید کرتا ہے کہ وہ چین کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں گے اور دنیا کو چین کے بارے میں مزید بتائیں گے۔بیرونی ممالک کے نوجوانوں کو بھی چاہیے کہ چینی نوجوانوں کے ساتھ زیادہ تبادلہ خیال کریں ، دنیا بھر میں عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کریں اور انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ سچ ہے کہ چین پاک دوستی کا مستقبل نوجوانوں سے جڑا ہوا ہے ۔ نوجوان چین پاک تعلقات کا مستقبل ہیں ۔

یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد چین میں موجود ہے اور چینی جامعات میں زیرتعلیم پاکستانی طلباء کی تعداد بھی تیس ہزار سے زائد ہے۔چین اور پاکستان کے نوجوانوں کے درمیان ہم آہنگی اور دوستانہ روابط کو فروغ دینے کے لیے یہ لازمی ہے کہ تبادلے کا نظام قائم کیا جائے تاکہ دونوں ممالک کے طلباء ایک دوسرے کے ملک کا سفر کر سکیں اور باہمی سماجی و ثقافتی اقدار کو بہتر طور پر سمجھ سکیں ۔آج کے طلبا ء اگر چین اور پاکستان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرتے ہیں تو کل یہی نوجوان دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کے لیے مزید اہم کردار اد ا کر سکیں گے ۔اس مقصد کی تکمیل کےلیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے ۔ مثلاً یونیورسٹی طلباء کا فورم ، چین پاکستان یوتھ کلچرل ایکسچینج ہفتہ ،دونوں ممالک کے نوجوانوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے ،چین۔ پاک یوتھ میڈیا فورم ، سی پیک کے موضوع پر مضمون نویسی کی سرگرمی ،چین۔پاکستان یوتھ ایمبیسڈرز کے اعزازات وغیرہ وغیرہ ۔ چین نے پاکستانی طلباء کو بڑی تعداد میں اسکالرشپس فراہم کیے ہیں جس کے تحت پاکستانی طلباء کی بڑی تعداد چین میں زیر تعلیم ہے، اسی طرح جب چینی نوجوان پاکستان کا سفر کریں گے تو وہ پاکستانی سماج و ثقافت کو بہتر اندا ز سے محسوس کر سکیں گے جس سے باہمی تبادلوں ،مفاہمت ، اعتماد اور دوستی میں اضافہ ہو گا اور چین پاک ہم نصیب سماج کے قیام کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھی جائے گی۔

پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ،نوجوان پاکستان کی مجموعی آبادی کا چونسٹھ فیصد ہیں جن کی عمریں تیس سال سے کم ہیں ۔نوجوان نسل پاکستان کی ترقی کی روشن امید ہے کیونکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک کا مستقبل ہیں ۔ آئندہ " دی بیلٹ اینڈ روڈ " انیشیٹو اور سی پیک منصوبے کے پس منظر میں چین اور پاکستان کے درمیان بنیادی تنصیبات ، ثقافت و تعلیم ، صنعت و زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور تبادلے کا روشن مستقبل موجود ہے جس میں دونوں ممالک کے نوجوان نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔


شیئر

Related stories