چین کے دیہی علاقے ماحول دوست ترقی کی خوشحال راہ پر گامزن : شعبہ اردو کا تبصرہ

2020-08-14 16:06:27
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

کسی بھی ملک میں ایک گاؤں کی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیاں مجموعی طور پر اُس ملک کی ترقیاتی پالیسیوں کی عکاس ہوتی ہیں۔ گزشتہ صدی کی ستر کی دہائی کے اوائل سے صوبہ زے جیانگ کی آنجی کاونٹی نے پہاڑوں میں کان کنی شروع کی جس سے یہاں کا ماحول شدید طور پر متاثر ہوا۔ پندرہ اگست دو ہزار پانچ کو زے جیانگ کی صوبائی پارٹی کمیٹی کے اُس وقت کے سیکرٹری شی جن پھنگ نے آنجی کاونٹی کے یو چون گاوں کے دورے کے دوران اس بات پر زور دیا کہ " صاف شفاف پانی اور سرسبز پہاڑ سونے اور چاندی کے پہاڑ ہیں"۔اس تصور کے تحت لوگوں کی سوچ میں بھی تبدیلی آئی اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے ان میں شعور بیدار ہوا ۔ اس بات کو اب پندرہ برس بیت چکے ہیں ۔یو چون گاوں رہائش ، روز گار اور سیاحت کے اعتبار سے ایک انتہائی دلکش و حسین مقام میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ اور مقامی کسانوں کی آمدن میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔

شی جن پھنگ کا معیشت و ماحولیات کی مشترکہ ترقی کا تصور اس وقت چین بھر میں مقبول ہے ۔ چین کے جنوب سے شمال تک اور مشرق سے مغرب تک بے شمار دیہی علاقوں اور گاوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ پچھلے پندرہ سالوں میں معیشت و ماحولیات کی مشترکہ ترقی کے تصور کی رہنمائی میں چین کے مختلف دیہی علاقے غربت کے خاتمے اور ماحولیاتی تحفظ کے تحت پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو رہے ہیں ۔ دیہی سیاحت اور اپنی مقامی خصوصیات کے مطابق کاروبار سے لوگوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تحفظ ماحول کے لحاظ سے چین کے کئی منصوبوں کو اقوام متحدہ کے اعلی ترین ماحولیاتی اعزاز "کرہ ارض تحفظ ایوارڈ" سے نوازا گیا ہے ۔ چین نے عالمی ماحولیاتی تہذیب کی تعمیر میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ۔

ماحولیات اور ترقی سے متعلق شی جن پھنگ کا تصور چین میں ماحول اور معیشت کی ہم آہنگ ترقی کی سمت واضح کرتا ہے ۔ چین کبھی بھی فطری ماحول کی قیمت پر عارضی اقتصادی ترقی کے لیے کوشاں نہیں رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چین کا ترقیاتی ماڈل ، اقتصادی ڈھانچے میں تبدیلی اور جدت کاری کے اصولوں کے عین مطابق ہے اور لوگوں کی خوشحال زندگی کی امنگوں سے مطابقت رکھتا ہے۔

چین نے یہ ہدف طے کیا ہے کہ دو ہزار پینتیس تک حیاتیاتی ماحول کے معیار کو بنیادی طور پر مزید بہتر بنایا جائے گا اور "خوبصورت چین" کے مقصد کی تکمیل کی جائے گی ۔ اُس وقت ایک ایسا خوبصورت چین دنیا کے سامنے آئے گا جہاں سرسبز پہاڑ ہوں گے ، صاف شفاف نیلا پانی رواں ہو گا اور تازہ ہوا چلتی ہو گی۔


شیئر

Related stories