چینی معیشت کی بحالی کے عالمی معیشت پر مثبت اثرات : شعبہ اردو کا تبصرہ
حال ہی میں چین کے قومی محکمہ شماریات اور دیگر اداروں کی جانب سے پیش کردہ رواں سال کےپہلے سات مہینوں کے جی ڈی پی ، برآمدات و درآمدات ،صنعتی قدر میں اضافے ، ربیع کی پیداوار اور روز گار سمیت مختلف اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ وبا پر جلد قابو پانے کے باعث چینی معیشت بتدریج معمول پر آ رہی ہے ۔ اس سے و با کے اثرات سے چھٹکارا پانے کیلئے عالمی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور عالمی معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی ۔
رائے عامہ کا خیال ہے کہ ایک طرف وبا پھوٹنے کے شروع میں چینی حکومت نے جلدی سے فعال اقدامات اختیار کرتے ہوئے اچھے نتائج حاصل کئے،انسداد وبا کے ساتھ ساتھ معاشی و معاشرتی سرگرمیوں کی بحالی پر زور دیا تو دوسری طرف چینی معیشت کی بحالی کے لیے چینی حکومت نے محرک میکرو معاشی پالیسیاں اپنائیں ۔ چین کی معاشی بحالی ظاہر کرتی ہے کہ چینی حکومت نے جو حکمت عملی اپنائی ہے وہ درست ہے۔
اس وقت پوری دنیا میں پھیلنے والی وبا ، امریکی یکطرفہ پسندی ، تحفظ پسندی اور " پہلے امریکہ " کی پالیسیوں نے بین الاقوامی معاشی تعاون اور عالمی تجارت پر خاصا منفی اثر ڈالا ہے ۔ تاہم اگر عالمی معیشت کو وبا کے اثرات سے چھٹکارا دلانا ہے اور جلد از جلد ترقی کو دوبارہ بحال کرنا ہے تو بین الاقوامی تعاون کا فروغ اور عالمگیریت واحد راستہ ہے ۔
امریکی تھنک ٹینک ، پیٹرسن انسٹی ٹیوٹ برائے بین الاقوامی اکنامکس کے سینئر محقق نکولس لارڈی نے حال ہی میں چینی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عالمی کساد بازاری اور ترقی یافتہ معیشتوں کی عمومی منفی نمو کے تناظر میں چین کی معاشی بحالی ، عالمی معاشی بحالی کے لئے اہم اور مثبت اہمیت کی حامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس وبا نے عالمی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے ، لیکن اس سے بڑے پیمانے پر چین سے سپلائی چین کی منتقلی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چین میں زیادہ تر امریکی کمپنیاں اب بھی چینی مارکیٹ کی قدر کرتی ہیں۔ وبا پوری دنیا میں پھیل چکی ہے۔اور اس وبا پر چین کے مضبوط کنٹرول نے سپلائی چین میں چین کی برتری کو مستحکم کیا ہے۔اس تناظر میں نکولس لارڈی سوال کرتے ہیں "اگر آپ چین کو چھوڑتے ہیں تو جائیں کہاں؟"
آج کی دنیا عالمگیریت کی حامل ہے ۔ اصل میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں چین اور دنیا کے دیگر ممالک کی معیشت کو زبوں حالی کا سامنا تھا۔ تاہم دوسری سہ ماہی کے دوراں چین کی معیشت بتدریج بحال ہو تے ہوئے اس کی ترقی کی رفتار بھی تیز ہو رہی ہے ۔ چینی معیشت کی مستحکم بحالی سے یقیناً عالمی معیشت کو وبائی امراض کے اثرات سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور عالمی معاشی بحالی کی حوصلہ افزائی ہو گی ۔