ماہرین کا عالمی سطح پر ہموار فوڈ سپلائی چین کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور
کووڈ -۱۹کے باعث عالمی سطح پر غذائی تحفظ کا مسئلہ تشویشناک رخ اختیار کر چکا ہے ۔ اسی تناظر میں چینی اور غیر ملکی ماہرین نے حال ہی میں متفقہ طور پر اپیل کی کہ بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنایا جائے ، مشترکہ طور پر وبائی اثرات سے نمٹا جائے ، عالمی سطح پر غذائی شعبوں میں معلومات اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے ، ہموار عالمی فوڈ سپلائی چین کو یقینی بنایا جائے اور عالمگیر غذائی تحفظ کو برقرار رکھا جائے۔
اقوام متحدہ کی خوراک و زراعت کی تنظیم کے حالیہ جاری اعدادوشمار کے مطابق اپریل میں عالمی منڈی میں غذائی اشیاء کی قیمتوں میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے جبکہ گزشتہ تین ماہ سے مسلسل یہی رحجان برقرار ہے۔ ماہرین کے خیال میں وبا کے باعث زرعی پیداواری شعبے کی سرگرمیاں محدود ہوئی ہیں لیکن زراعت سے وابستہ خدمات کا شعبہ وبا سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے بین الاقوامی تعاون اور معلومات کے تبادلے کی ضرورت ہے ۔
یاد رہے کہ عالمی وبا کے تناظر میں خوراک اور زرعی تحفظ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جی 20 کے وزراء زراعت کا گزشتہ ماہ ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا تھا ۔ اجلاس میں تجارتی پابندیوں میں کمی پر اتفاق کیا گیا تھا ۔ علاوہ ازیں ڈبلیو ٹی او کے قواعد کی پابندی ، نا مناسب تجارتی پابندیوں سے گریز اور بامقصد ، شفاف ، موزوں اور عارضی ہنگامی اقدامات کو یقینی بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی تھی۔