چین کے مختلف علاقوں میں کچھ ایسے چھوٹے قصبے موجود ہیں جو اپنی قدیم تاریخ، خوبصورت مناظر اور منفرد رسم و رواج کی بدولت بہت مشہور ہیں۔بیجنگ اور شانگہائی جیسے بڑے بڑے شہروں کے علاوہ یہ چھوٹے چھوٹے قصبے چینی اور غیرملکی سیاحوں کی پسندیدہ جگہ بن گئے ہیں۔
چو چوانگ
چو چوانگ قصبہ سو چو شہر کے جنوب مشرق میں واقع ہے ۔یہ یوان شاہی خاندان کی وسطی مدت میں اناج ، ریشم ، چینی مٹی اور دستکاری کے فن پاروں کی مارکیٹ بن گیا اور اس قصبے نے دریائے یانگسی کے جنوب میں ایک مشہور قصبے کی حیثیت اختیار کر لی۔چھنگ شاہی خاندان کے بادشاہ کھانگ شی کے دور میں اسےباقاعدہ طور پر چو چوانگ قصبے کا نام دیا گیا۔ چو چوانگ میں مکانات دریاؤں کے کناروں پر بنائے گئے ہیں جب کہ یہاں بنائے جانے والے پلوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔نو سو سال کے بعد بھی اس قصبے نے دریائے یانگسی کے جنوب میں واقع ایک معیاری قصبے کی حیثیت برقرار رکھی ہوئی ہے۔اس قصبے کو چین کا آبی وسائل کا حامل ایک بہترین قصبہ بھی کہا جاتا ہے۔
چو چوانگ دس سے بارہ جھیلوں اور تیس سے زائد دریاؤں کی آغوش میں واقع ہے اور کچھ دریا قصبے کے بیچ سےگزرتے ہیں۔ ان دریاؤں کے کناروں پر تعمیر کیے جانے والےبیشتر مکانات چار تا پانچ سو سال قدیم ہیں ۔ ان دریاؤں پر چودہ قدیم پل محفوظ ہیں جو قدیم مکانات اور دریاؤں کے پانی کے ساتھ ایک دلکش تصویر تخلیق کرتے ہیں۔
قدیم زمانے میں چو چوانگ خطے کا تعلیمی مرکز تھا ۔چین کی تاریخ میں متعدد ممتاز دانشور وں نے یہیں سے تعلیم حاصل کی ۔ان دانشوروں کے رہائشی مکانات سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن گئے ہیں ۔
چو چوانگ پہنچنے کے لئے نقل و حمل کی کافی اچھی سہولیات دستیاب ہیں۔ شانگہائی سے سیاح بس کے ذریعے چند گھنٹوں کی مسافت طے کرکے یہاں پہنچ سکتے ہیں۔قصبے میں کوئی بڑا ہوٹل تو نہیں ہے تاہم مقامی باشندوں کے گھر وں میں ہوٹل کی سہولت موجود ہے اور ان گھروں کے مکین سیاحوں کو عمدہ سروس بھی مہیا کرتے ہیں جب کہ یہاں سیاحوں کو گھر جیسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔
فون ہوانگ
قصبہ فون ہوانگ وسطی چین کے صوبہ ہو نان کے مغربی پہاڑی علاقے میں واقع ہے ۔ چینی زبان میں فون ہوانگ کا مطلب ہے ”ققنس “جو چینی کہانیوں کی ایک خیالی چڑیا کہلاتی ہے۔فون ہوانگ چین کا خوبصورت ترین قصبہ تصور کیا جاتا ہے۔یہ قصبہ اس قدر چھوٹا ہے کہ صرف ایک مرکزی سڑک اس قصبے سے گزر تی ہےجب کی اس کے علاوہ قصبے میں کئی چھوٹی چھوٹی گلیاں ہیں ۔
فون ہوانگ گزشتہ دور کے ممتاز چینی ادیب شن زو ن ون کا آبائی علاقہ بھی ہے۔ان کا آبائی گھر دیکھنے کے لئے سیاح دور دور سے فون ہوانگ آتے ہیں۔ فون ہوانگ کے پسِ منظر میں شن زون ون کے ناول کے تحت سرحدی قصبے میں ایک خوبصورت لڑکی کی عشقیہ کہانی بیان کی گئی ہے جس میں مقامی باشندوں کے منفرد رسم و رواج کی بھر پور عکاسی ہوتی ہے۔
فون ہوانگ کی سیر کے لئے سیاح ہوائی جہاز سے صوبہ ہو نان کے شہر جی شو پہنچ سکتے ہیں اور یہاں سے سیاح بس کے ذریعے فون ہوانگ جا سکتے ہیں۔