شی جن پھنگ کی براہ راست قیادت میں چینی عوام وبا کے خلاف متحد دو جنگ میں فتح کے حصول کی کوشش

2020-03-13 18:07:35
شیئر:


رواں برس 2020چین بھر سے غربت کے مکمل خاتمے کا سال ہے ۔ کوویڈ 19- کے باعث چین کی اقتصادی و سماجی صورتحال منفی طور پر متاثر ہوئی ہے۔ غربت کے خاتمے کی کوششیں بھی اس اچانک پھوٹنے والی وبا کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔

وبا پھوٹنے کے بعد چینی صدر شی جن پھںگ نے متعدد مرتبہ اس بات پر زور دیا کہ وبا کے کنٹرول کے ساتھ ساتھ غربت کے خاتمے کے منصوبے کو بھی ثابت قدمی سے مکمل کیا جائے۔ صدر شی جن پھنگ کی ہدایات کی روشنی میں چین کی مختلف سطحوں کی حکومتیں وبا کے باعث غریب لوگوں کے روزگار پر مرتب ہونے والے منفی اثرات میں کمی اور پیداواری سرگرمیوں کی بحالی کے دوران غریب علاقوں کے افراد کو روزگار کے مواقعوں میں ترجیح دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

دراصل چینی کمیونسٹ پارٹی کی اٹھارہویں قومی کانگریس کے بعد چین میں غربت کا خاتمہ چینی صدر شی جن پھںگ کی اولین ترجیح رہی ہے ۔ اس وقت انسداد غربت کے آخری برس چین کو کوویڈ 19- کا سامنا ہے ، جس کے باعث غربت کے خاتمے کی سرگرمیاں مشکلات کا شکار ہیں۔۔اسی پس منظر میں چھ مارچ کو انسداد غربت کے لیے فیصلہ کن جنگ کے حوالے سے ایک فورم بیجنگ میں منعقد ہوا ۔ اسے چینی کمیونسٹ پارٹی کی اٹھارہویں قومی کانگریس کے بعد غربت کے خاتمے کے حوالے سے سب سے بڑا فورم قرار دیا جا سکتا ہے۔ جناب شی جن پھنگ نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وبا کے باعث چین کو ایک نئے چیلنج کا سامنا ہے جس کی وجہ سے انسداد غربت سے متعلق حاصل شدہ ثمرات کو برقرار رکھنا دشوار ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے تمام چینی عوام سے کیے گئے وعدے کے مطابق 2020 میں تمام دیہی علاقوں کو سطح غربت سے نکالا جائے گا اور مضبوطی سے اقدامات کو آگے بڑھایا جائے گا ۔انہوں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا کہ چین وبا کے منفی اثرات کے مقابلے سے غربت کے خاتمے کی جنگ میں فتح حاصل کرے گا اور نہ صرف چین بلکہ عالمگیر مفاد میں اس اہم ہدف کا بر وقت حصول یقینی بنایا جائے گا۔