پاکستان سمیت دیگر ممالک نے چین میں منعقدہ بین الاقوامی درآمدی ایکسپو کو عالمی اقتصادی بحالی کے لیے اہم قرار دیا ہے

2020-11-05 11:05:32
شیئر:

پاکستان سمیت دیگر ممالک نے چین میں منعقدہ بین الاقوامی درآمدی ایکسپو کو عالمی اقتصادی بحالی کے لیے اہم قرار دیا ہے

تیسری چائنا بین الاقوامی امپورٹ ایکسپو کی افتتاحی تقریب چار تاریخ کو شنگھائی میں منعقد ہوئی۔ مختلف عالمی رہنماؤں نے افتتاحی تقریب سے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ ایکسپو کا انعقاد چینی معیشت کی بحالی کا عکاس ہے جو عالمی معیشت کی بحالی کے لیے قوت محرکہ اور اعتماد فراہم کرے گا۔
پاکستانی صدر عارف علوی نے کہا کہ حالیہ ایکسپو چین کی مانگ کو بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے مختلف ممالک کے برآمدکنندگان کے لیے انتہائی معاون ثابت ہو گی ،چین تک برآمدات کو وسعت دینے سے عالمی تجارت کو فروغ ملے گا۔چین اپنی ترقی کے ساتھ ساتھ دنیا کو بھی مزید مصنوعات فراہم کرے گا۔عارف علوی نے ایکسپو کے انعقاد پر چین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایکسپو سے چین اور دوسرے ممالک کے درمیان مزید قریبی تجارتی روابط فروغ پائیں گے۔
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل روما پھوسا نے اپنے خطاب میں ایکسپو کو افریقہ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ پاپوا نیو گنی کے وزیر اعظم جیمز ماراپی نے ایکسپو کو بروقت اور کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف نے کہا کہ ایکسپو مختلف ممالک کو نئے مواقع فراہم کرے گی۔
اقوام متحدہ کی تجارت اور ترقی کی کانفرنس کے سیکرٹری جنرل میکیسا کتوئی نے کہا کہ اس وقت بیشتر ممالک کو سنگین ترین اقتصادی بحران کا سامنا ہے جب کہ چین میں مختلف ممالک کی مصنوعات کی مانگ کو بڑھانا "استحکام" کا سبب بنے گا۔ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اگرچہ رواں برس عالمی تجارت میں سات سے نو فیصد تک گراوٹ کا امکان ہے لیکن تیسری سہ ماہی میں چین کی درآمدات میں تیرہ فیصد کا اضافہ ہوا ہےجو امید کی کرن ہے۔