تیسری چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں مصنوعات کی آن لائن فروخت ،چینی منڈی کی طاقت کا اظہار ہے،سی آر آئی کا تبصرہ

2020-11-08 19:25:55
شیئر:

تیسری چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کے دوران مصنوعات کی آن لائن فروخت کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ سی سی ٹی وی کی محض دو براہ راست نشریات کے دوران مجموعی طور پر چودہ کروڑ یوآن سے زیادہ کی اشیا کی فروخت کی گئی۔ ان درآمدی مصنوعات میں سے بیشتر کا تعلق اٹلی، روس، جرمنی اور فرانس وغیرہ سے تھا۔ اس سے نہ صرف چینی منڈی کی قوت خرید کا اظہار ہوتا ہے بلکہ چینی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے اعلیٰ معیاری مصنوعات کے لئے دلچسپی کا اظہار بھی ظاہر ہوتا ہے۔ یہ صورت حال اور پذیرائی غیر ملکی مینوفیکچرز کے لئے حیران کن تھی۔ انہوں نے اس کی شاندار الفاظ میں تحسین کی۔

چین میں روسی سفیر ، آندرے ڈینی سوف نے اس طرح کے براہ راست خرید وفروخت کے ماڈل کی تعریف کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی صارفین نے اس نشریات کے ذریعے روسی مصنوعات سے بہترین آگہی حاصل کی ہے ۔چین میں ہسپانوی سفیر رافیل ڈیز کالر ، ہسپانوی فوڈ کلچر کو متعارف کرانے کے لئے ذاتی طور پر براہ راست نشریاتی کمرے میں گئے۔

درحقیقت تیسری چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کے دوران لائیو اسٹریمنگ سےبھر پور استفادہ کیا گیا۔معاشی اعداد وشمار کی نگرانی اور تجزیہ کرنے والی معروف کمپنی نیلسن کی ایک حالیہ رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہےکہ 2020 میں ، براہ راست ای کامرس کا حجم 961 ارب یوآن تک پہنچ جائے گا ، جو چین کے ای کامرس کے مجموعی حجم کا 10 فیصد ہوگا ۔ ای کامرس کے براہ راست نشریاتی صارفین کی تعداد چھبیس کروڑ پچاس لاکھ تک پہنچ جائے گی جو براہ راست نشریاتی صارفین کی کل تعداد کا 47.3فیصد ہے۔

مقبول براہ راست نشریاتی اسٹوڈیو کے توسط سے ، دنیا نے چین کی معیشت میں لچک اور اعلیٰ معیار کی ترقی کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ کھپت کئی سالوں سے چین کی معاشی نمو کی ایک اہم قوت ہے۔ 2019 میں چین کے جی ڈی پی میں کھپت کی شراکت کی شرح 57.8فیصد تک پہنچ گئی تھی۔

چین کے اعلیٰ رہنماؤں کے مطابق ، اگلے 10 سالوں میں چین کی مجموعی تجارت میں درآمدات کا حصہ 22 ٹریلین امریکی ڈالر سے تجاوزہونےکی توقع ہے۔ 1.4 بلین کی آبادی اور چالیس کروڑ درمیانی آمدنی والے افراد کی آبادی کے ساتھ ، چین کی بڑی منڈی کی کھپت کی صلاحیت تیسری چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شریک عالمی کاروباری حضرات کی توجہ کا مرکز ہے۔ اس سے نہ صرف چین کی معاشی نمو کو فروغ ملے گا اور مزید چینیوں کو بہتر زندگی گزارنے کا موقع ملے گا ، بلکہ دنیا کے ساتھ اشتراک کے لئے مزید ترقیاتی مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

تیسری چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں مصنوعات کی آن لائن فروخت ،چینی منڈی کی طاقت کا اظہار ہے،سی آر آئی کا تبصرہ