چین پاک ثقافتی راہداری کی راہ ہموار

2020-11-14 16:08:34
شیئر:

چین پاک ثقافتی راہداری کی راہ ہموار


چین پاک اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کر ہی ہے۔ چین اور پاکستان دوست، برادر اور ہمسائیہ ممالک ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان علمی، سیاسی، عسکری اور سائنسی تبادلوں کی برسوں پرانی تاریخ موجود ہے۔ ان تبادلوں کے ثمرات ہمیں مختلف میدانوں میں نظر آتے رہتے ہیں۔ تاہم شاندار تعلقات کے حامل دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے نہایت کم ہیں۔ اس کی ایک مثال چالیس برس کے بعد پاکستانی فلم کی چین میں کمرشل بنیادوں پر نمائش ہے۔ یہ فلم مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے پاک فضائیہ کے اشتراک سے تیار کی گئی فلم ’پرواز ہے جنون‘ ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ اس فلم کو چین میں بہت پذیرائی ملی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم چین پاک ثقافتی راہداری کی تعمیر میں سنگ میل ثابت ہوگی۔

اس فلم کی بیجنگ میں اسکریننگ کے دوران سفیر پاکستان جناب معین الحق، چائنا فلم کارپوریشن کے ڈپٹی جنرل منیجر چو باؤلین، بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کی ممتاز شخصیات اور چینی اور پاکستانی طلبہ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ سبھی لوگ اس فلم کی نمائش کے دوران نہایت پرجوش دکھائی دئیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے اس تاریخی نمائش کو ممکن بنانے پر فائر میڈیا انٹرنیشنل ، ہم فلمز اور مومنہ دریڈ پروڈکشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلم ایک طرف پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے دوسری طرف اس میں چینی ناظرین کے لئے خوبصورت مناظر اور پاکستانی ثقافت کے دلکش پہلو موجود ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی چینی ناظرین کے لئے مزید پاکستانی فلمیں اور ڈرامے دستیاب ہوں گے اور دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تبادلوں اور عوام کے درمیان دوستی کو مزید گہرا کرنے کے لئے فلموں کی مشترکہ تیاری میں بھی تعاون کیا جا سکتا ہے۔

چین پاک ثقافتی راہداری کی راہ ہموار

چین کے انٹرنیٹ صارفین کے درمیان گزشتہ چند روز سے فلم موضوع بحث بنی ہوئی تھی اور سب اس کا بے صبری سے انتظار کررہے تھے۔ چین میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے پاکستانی فلم کی چین آمد کو خوش آمدید کہا ہے۔ چینی نیٹزن کی جانب سے فلم میں چین پاک تعاون کی روشن مثال جدید جنگی جہاز جے ایف تھنڈر-17 کا ذکر بھی ٹاپ ٹرینڈ رہا۔

اس سے قبل یہ فلم پاکستان اور سعودی عرب میں دھوم مچاچکے ہے۔ ہم فلمز کی ’پرواز ہے جنون‘ چین میں چالیس سال بعد ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہے۔ فلم پورے چین میں کمرشل بنیادوں پر نمائش کے لئے پیش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پرواز ہے جنون سعودی عرب میں بھی کمرشل بنیادوں پر ریلیز کی جانے والی پہلی پاکستانی فلم ہے۔فلم پرواز ہے جنون مومنہ درید نے پروڈیوس کی اور اسے پاک فضائیہ اور آئی ایس پی آر کے اشتراک سے مومنہ اینڈ درید فلمزکے بینرتلے تیار کیا گیا ہے۔ فلم کے تقسیم کار ہم فلمز ہیں۔دنیا بھر میں فلم کے شائقین نے نہ صرف ’پرواز ہے جنون کے موضوع کو سراہا بلکہ فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے تمام فنکاروں کی تعریف بھی کی۔

فلم میں موجود اداکاروں نے فلم کو چار چاند لگائے، فلم کے مرکزی اداکاروں میں شامل حمزہ علی عباسی، خوبصورت ہانیہ عامر اور اداکاری کے ماہر احد رضا میر اپنے کرداروں کے ساتھ خوب انصاف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ان اداکاروں نے لاجواب اداکاری کے باعث شائقین سے بھی خوب داد وصول کی ہے۔

فلم کو اسلام آباد اور کشمیر کے خوبصورت مقامات پر فلمایا گیا ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔مداحوں نے فلم کو خوب پذیرائی بخشی ہے، کچھ لوگوں کو فلم کے کی موسیقی سے لگاؤ ہوگیا تو کچھ لوگ پاک فضائیہ کی جدوجہد کے مناظر دیکھ کر جذباتی ہوئے۔

پاک فضائیہ کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی فلم ’پرواز ہے جنون‘ نے دفاع وطن کے موضوع پر اب تک بنائی گئی تمام فلموں میں سے منفرد فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔

اس فلم کی چین میں ریلیز سے پاکستانی سینما انڈسٹری کی بحالی میں بہت بڑا قدم ہے۔ اس فلم کی چین میں ریلیز کے بعد پاکستانی فلموں کیلئے دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ کے دروازے بھی کھل گئے ہیں۔امید کی جا رہی ہے کہ عرب دنیا کو اپنے سحر میں گرفتار کرنے والی ’پرواز ہے جنون‘ چین میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔

چین پاک ثقافتی راہداری کی راہ ہموار

تحریر: زبیر بشیر