نان نینگ میں پاکستانی مشن کے زیر اہتمام پاکستان میں چین اور آسیان خطے کی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کانفرنس کا انعقاد

2020-11-28 18:37:55
شیئر:

چین میں پاکستانی مشن کے زیر اہتمام چین کے گوانگشی ژوانگ  خود اختیار علاقے کے دارالحکومت  نان نینگ  میں 17 ویں چائنا - آسیان ایکسپو  کے موقع پر تجارت اور سرمایہ کاری کے  فروغ کیلئے ایک خصوصی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ 2004 میں اپنے قیام  کے بعد پاکستان پہلی بار خصوصی شراکت دار ملک کی حیثیت سے ایکسپو میں شرکت کررہا ہے۔

کانفرنس کا آغاز وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد کے ریکارڈ شدہ ویڈیو تقریر سے کیا گیا۔ عبدالرزاق داؤد نے خصوصی شراکت دار ملک کی حیثیت سے پاکستان کی شرکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی معاشی اصلاحات اور کاروبار دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالی جس نے معاشی استحکام اور کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔ مشیر نے دونوں خطوں کے سرمایہ کاروں کو خصوصی معاشی زونز میں سرمایہ کاری کے سنہرے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے خیرمقدم کہا جو معاون پالیسیوں اور پرکشش محصولات اور ٹیکس مراعات کے ذریعہ سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں چینی اور آسیان سرمایہ کاری کے لئے مکمل تعاون اور تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔

چین میں پاکستان کے سفیر جناب معین الحق نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں  اس سال کے اجلاس میں پاکستان کو مکمل نمائندگی دینے پر چین کی وزارت تجارت اور ایکسپو سیکرٹریٹ کا شکر یہ ادا کیا۔ انہوں نے چین اور پاکستان کے درمیان خصوصی تعلقات اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری اور آسیان ممالک کے ساتھ گہری جڑوں اور وسیع و عریض روابط کو اجاگر کرتے ہوئے چین اور آسیان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی منڈی اور خصوصی اقتصادی زونز  میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ کانفرنس سے چینی حکومت کے ممتاز عہدیداروں اور کاروباری رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔