چین میں پاکستانی سفیر معین الحق کی چین-آسیان ایکسپو کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات

2020-11-29 16:48:31
شیئر:

چین میں پاکستانی سفیر  معین الحق کی  چین-آسیان ایکسپو کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات

چین کے  گوانگ شی ژوانگ خود اختیار علاقے کے دارالحکومت نان نینگ  میں 17 ویں چین-آسیان ایکسپو کے موقع پر ، پاکستان کے سفیر معین الحق نے چائنا -آسیان ایکسپو کے سیکرٹری جنرل وانگ لئی سے ملاقات کی، جس  میں  اس اہم تجارت اور سرمایہ کاری کے پلیٹ فارم  کے ذریعے  جو 11 ممالک کی نمائندگی کرتا ہے اور جس کی  مشترکہ جی ڈی پی 17.5 ٹریلین امریکی ڈالر ہے اور صارفین کی مارکیٹ تقریبا 2 ارب افراد پر مشتمل  ہے ،  پاکستان کے لیے مواقع بڑھانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  سیکریٹری جنرل وانگ نے ایکسپو میں پہلی بار پاکستان کی خصوصی شراکت دار ملک کی حیثیت سے شرکت کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے قائم کردہ متاثر کن پویلین کی تعریف کی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایکسپو کے موقع پر منعقدہ پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے والی کانفرنس چین اور آسیان کے کاروباری افراد کے لئے پاکستان کی وسیع مارکیٹ متعارف کرائے گی۔ پاکستان کے سفیر معین الحق نے  ایکسپو کے سیکریٹری جنرل وانگ  کو وبائی صورتحال کے باوجود 17 ویں ایکسپو کے کامیاب  انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور خصوصی شراکت دار ملک کی حیثیت سے پاکستان کو دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا۔ ایکسپوکی  علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے بنیادی اہمیت  پر روشنی ڈالتے ہوئے معین الحق نے  افتتاحی تقریب سے  صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ویڈیو خطاب کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے چین-آسیان - پاکستان تجارتی مثلث کی تجویز پیش کی تھی۔ سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ اگلے سال بھی ایکسپو میں  پاکستان کے خصوصی شراکت دار  ملک کی حیثیت کو برقرار  رکھا جائے گا۔ سفیر نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ وبائی امور سے متعلق سفری پابندیاں اس وقت تک کم ہوجائیں گی جس سے پاکستان  ایکسپو میں اعلی سطحی عہدیداروں اور تجارتی وفود کی شرکت کے قابل ہوجائے گا۔

چین میں پاکستانی سفیر  معین الحق کی  چین-آسیان ایکسپو کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات