کاروبار اور خدمت کا شاندار نمونہ

2020-12-16 15:59:12
شیئر:

کاروبار اور خدمت کا شاندار نمونہ

ہوتان کی  مایو کاؤنٹی کی حکومت گزشتہ چند برسوں سے غربت کے خاتمے کے لئے بڑے کاروباری اداروں کی مدد سے لوگوں کو روزگار فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔چین میں غربت کے خاتمے کی راہ میں شاندار کامیابیوں کے حصول میں مرکزی حکومت کی رہنمائی میں صوبائی اور مقامی حکومتوں نے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں۔ ہوتان میں قیام کے دوران وہاں موجود سڑکوں اور موٹر ویز کے وسیع و عریض جال کی وجہ سے مجھے بہت سے دور دراز  ٹاؤن شپ وزٹ کرنے کا موقع بھی میسر آیا۔ اس دوران بہت سی فیکٹریاں دیکھیں جہاں مقامی شہریوں کو شاندار ماحول میں روزگار فراہم کیا گیا ہے۔

کاروبار اور خدمت کا شاندار نمونہ

مویو کاؤنٹی میں ہم "مے بائٹ گروپ" کی جانب سے تیار کردہ چکن پراسیسنگ فیکٹری کے دورے پر گئے۔ یہاں قارئین کرام کی خدمت میں عرض کرتا چلوں کہ فیکٹری کے لفظ سے ہمارے ذہن میں جو تصور ابھرتا ہے وہ ایک ڈیڑھ ایکڑ پر بنی عمارت ہے جہاں چار پانچ سو افراد کام کرتے ہیں۔ لیکن "مے بائٹ گروپ" کا یہ چکن پراسینگ پلانٹ کئی ایکٹر پر محیط ہے۔ اس کی مرکزی عمارت جس میں  استقبالیہ، دفاتر اور ڈسپلے سینڑ واقع  ہے،موٹر وے کے بالکل ساتھ واقع  ہے۔   دیگر عمارت ایک  مربع کلو میٹر کے قریب علاقے میں پھیلی ہوئی ہیں۔ آپ یوں کہہ سکتے ہیں وہاں ایک چھوٹا سا شہر بسا ہوا ہے۔

سن 2019 میں مویو کاؤنٹی کے حکام کی درخواست پر "مے بائٹ گروپ" نے اس علاقے میں غربت کے خاتمے میں مدد فراہم کرنے اور اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لئے اس ادارے  کا افتتاح کیا۔ محض  دو سال میں یہاں ایک فعال فیکٹری موجود ہے۔ اس ادارے کی وجہ سے مویو کاؤنٹی کے 6000 لوگوں کو روزگار میسر آیا ہے۔ ان  میں 3000 ہزار افراد ایسے ہیں جو خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے تھے اور  چین کی غریب افراد کی فہرست میں ان کا نام درج تھا۔ اس فیکٹر ی میں چکن فیڈ تیار کرنے کا پلانٹ ،   مرغیوں سے انڈے حاصل کرنے کے شیڈ، انڈوں سے چوزے نکالنے  کی مشینیں، کارکنوں کے قیام کے لئے ہسپتال، جم، ڈائننگ ہالز، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے لئے  مقامات موجود ہیں۔

کاروبار اور خدمت کا شاندار نمونہ

یہ ادارہ  لوگوں کو براہ راست ملازمت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف دیہات میں موجود کسانوں کو مرغیاں پالنے کے لئے شیڈ  بھی تیار کرکے دیتا ہے۔ سب سے پہلے کسانوں کو بلا معاوضہ چوزے اور  ان کی خوراک فراہم کی جاتی ہے۔ جب  چوزے   مرغیوں کی شکل میں  تیار ہوجاتے ہیں تو کسان یہ مرغیاں فیکٹری کو فروخت کر دیتے ہیں۔ تیار مرغیاں فیکٹری کو دیتے وقت فیکٹری چوزوں اور خوراک کی قیمت منہا کرنے بعد کسانوں کو ان کی رقم دے دیتی ہے۔ یوں فیکٹری کو اپنی مصنوعات کے لئے مرغیاں اور کسانوں کو گزر بسر کے لئے روزگار میسر آجاتا ہے۔ یہاں اہم بات یہ ہے کہ ایک شیڈ میں ایک ہزار سے دو ہزار مرغیاں پالی جا سکتی ہیں۔ شیڈ کا نظام خود کار ہونے کی وجہ سے اس کی نگرانی کے لئے ایک شخص ہی کافی ہوتا ہے۔ یوں وہ بہتر منافع کما سکتا ہے۔

کاروبار اور خدمت کا شاندار نمونہ

اس فیکٹری کا پراسیسنگ پلانٹ خاصا شاندار اور دلچسپ تھا۔ جب ہم وہاں گئے تو ہم نے دیکھا کے تمام ملازمین خصوصی لباس میں ملبوس تھے۔  پلانٹ میں داخلے سے قبل  ہر ملازم اپنے پلاسٹک کے لانگ بوٹ سمیت  پانی میں داخل ہوتا ہے۔ جس سے ممکنہ جراثیم اتر جاتے ہیں۔ اس کے بعد اس کے لباس پر ایک خصوصی سپرے کیا جاتا ہے اس کے بعد وہ اپنے کام کی جگہ پر پہنچ جاتا ہے۔ پلانٹ میں مرغی ذبح کرنے کا کام ہاتھ سے انجام دیا جاتا ہے۔ باقی تمام امور وہاں موجود کارکن مشینوں کی مدد سے انجام دیتے ہیں۔ یہاں روزانہ دولاکھ مرغیاں ذبح کی جاتی ہیں۔ پلانٹ میں بارہ پراڈکشن لائنز کام کر رہی تھیں۔ ہر لائن کے مختلف مراحل پر پانچ سے سات کارکن موجود تھے۔ جو مختلف امور سر انجام دیتے ہیں۔ مرغی ،صفائی اور کٹائی کے بعد پروڈکشن لائنز کی مدد سے  فیکٹری کے مختلف حصوں میں روانہ ہوجاتی ہے۔

اس فیکٹری میں مرغی کے گوشت سے تین سو سے زائد مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ جن کے نام مجھے یاد ہیں یا سمجھ آئے وہ آپ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔  ان مصنوعات میں چکن کا ہڈی والا گوشت، چکن بون لیس، چکن کا قیمہ، چکن ونگز، ، چکن لیگ وغیر شامل ہیں۔ اسی طرح پکانے کے لئے تیار مصنوعات میں نگٹس، تکہ بوٹی، کباب، کوفتے، زنگر، شامی کباب ، ڈرم اسٹک اور اسی طرح کی بیسیوں مصنوعات شامل تھیں۔  ایک مرغی ذبح ہونے سے فائنل پراڈکٹ بننے تک دس سے بارہ منٹ کا وقت لگتا ہے۔ اس کے بعد پلانٹ کے آخری سرے پر موجود جدید ترین فریزرز کی مدد سے ان مصنوعات کو محض چند منٹ میں منفی پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک ٹھنڈا کردیا جاتا اور یوں یہ ملک بھر میں ترسیل اور ایک طویل عرصے تک کھانے کے لئے محفوظ ہو جاتی ہیں۔

کاروبار اور خدمت کا شاندار نمونہ

"مے بائٹ گروپ" نے علاقے میں کولڈ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی مدد سے کولڈ کارگو چین بھی قائم کی ہے۔ جو ان مصنوعات کو بحفاظت  ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ اس گروپ نے ایک الیکٹرک " باربی کیو شاپ" تیار کی ہے جو ایک ویگن کی صورت میں ہے۔ اس ویگن کی قیمت نہایت مناسب رکھی گئی ہے۔ اس کو باآسانی ڈرائیو کرکے کہیں بھی لے جایا جا سکتا ہے۔ پارک ہونے کے بعد یہ باربی کیو کی دکان بن جاتی ہے۔ اس گاڑی کی مدد سے لوگوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق کھانے پینے کی مصنوعات دسیتاب آجاتی ہیں۔  ایسی بہت سی گاڑیاں مویو کاؤنٹی اور ہوتا ن میں فعال ہیں۔ فیکٹری کی "کولڈ چین کارگو سروس" ان گاڑیوں پر فیکٹری کی مصنوعات بروقت  اور بحفاظت پہنچاتی ہے ۔

اس ادارے کے قیام سے مقامی لوگوں کو روزگار کے ساتھ معیاری کھانے کی سہولت میسر آئی ہے۔ اسی "مے بائٹ گروپ" کو سنکیانگ میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لئے سنہرا موقع ملا ہے۔ ادارہ اور کارکن مل کر شاندار ترقی کررہے ہیں۔