چینی قوم کو ہزاروں برسوں سے غربت کاسامنا رہا ہے جس سے بے شمار سماجی مسائل سامنے آتے رہے ہیں۔چینی کمیونسٹ پارٹی کی دانشمندانہ قیادت اور ملک گیر عوام کی کٹھن محنت و جدوجہد سے چین نے انتہائی غربت کے خاتمے میں تاریخی کارنامےسر انجام دیتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ اگلے مرحلے میں زراعت ، دیہی علاقوں اور کسانوں سے متعلق امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی ، دیہی خوشحالی کی حکمت عملی کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا ۔ اس طرح جامع دیہی خوشحالی کو مزید تقویت ملے گی اور زرعی اور دیہی جدت کاری کی تعمیر کی رفتار کو تیزتر کیا جائے گا۔
گزشتہ سال کے اواخر میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی دو روزہ سالانہ دیہی ورک کانفرنس میں واضح کیا گیا ہے کہ اعلیٰ کارکردگی اور اعلیٰ معیار کی حامل زرعی ترقی میں بہتری ، دیہی علاقوں کو رہائش اور ملازمت کے لئے سازگار بنانے اور کسانوں کو خوشحالی کی ضمانت فراہم کرنے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔
زراعت اور دیہی علاقوں کی جدت کاری کے بغیر ، چین کی سوشلٹ جدت کاری کی تکمیل ادھوری ہے۔ ایک جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر اور چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کے خواب کی تکمیل میں مشکل ترین ہدف دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی ہے ، کیونکہ اس کا دائرہ انتہائی وسیع اور یہ ترقی کی بنیاد ہے۔
چین نے غربت سے نجات پانے والی کاؤنٹیوں کے امور کو احسن طور پر آگے بڑھانے کے لیے ایک پانچ سالہ عبوری مدت کا تعین کیا ہے۔جبکہ انسداد غربت کے ثمرات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے جامع دیہی خوشحالی کے فروغ پر بتدریج توجہ مرکوز کی جائے گی۔ دیہی ترقی کو فروغ دینے کے لئے مزید مضبوط اور موئثر اقدامات اپنانا اور کٹھن جدوجہد لازم ہے ۔ یہ غربت کے خاتمے جیسا ہی مشکل کام ہے۔
چین جدید زرعی صنعتی نظام کی ترقی میں تیزی لائے گا ، کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچائے گا ، دیہی علاقوں میں آگاہی اور اخلاقیات کو فروغ دے گا ، آلودگی کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی ، دیہات ، دیہی امور اور دیہی باشندوں سے وابستہ اہم شعبوں میں اصلاحات کو تیز کرے گا ، جدید دیہی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو ترجیح دی جائے گی جس سے شہری و دیہی انضمام کو فروغ ملے گا۔اس ضمن میں دیہی حکومتوں کی ترقی اور بہتری کو مزید اہمیت دی جائے گی ۔
مستقبل میں ، چین کے دیہی علاقوں میں ترقی پزیر کاروباری ماحول ، خوشگوار فطری ماحول ، عمدہ سماجی تہذیب و ثقافت ، موئثر گورننس اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔ چین کی دیہی خوشحالی کی حکمت عملی چینی قیادت اور چینی عوام کی دانشمندی اور محنت کا مظہر ہے ۔ بلاشبہ چین کی سوشلسٹ جدت کاری کی تعمیر میں دیہی ترقی اور خوشحالی ایک بنیاد ہے اور یہ بنیاد جس قدر مضبوط ہو گی اُسی قدر عمارت بھی ٹھوس اور پختہ ہو گی۔