چینی کمیونسٹ پارٹی چین کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے ،پاکستان میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری
2021-02-04 15:21:44
شیئر:
پاکستان میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے چائنا میڈیا گروپ سے خصوصی بات چیت میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 100ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی پی سی گزشتہ ستر برسوں سے چین کو عروج اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھے ہوئے ہے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں چین نے انسداد غربت کی تاریخ میں معجزہ رقم کرتے ہوئے اسی کروڑ لوگوں کو غربت سے نجات دلائی ہے ،چین نے جس تیز رفتاری سے اقتصادی سماجی ترقی کی منازل طے کی ہیں وہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے ۔پاکستان میں برسراقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف چینی کمیونسٹ پارٹی کی کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور سی پی سی کی 100ویں سالگرہ پر پرخلوص مبارکباد پیش کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پی سی کی قیادت میں ایک ارب چالیس کروڑ چینی باشندوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا گیا ہے ،چینی معاشرے میں استحکام اور نظم و ضبط پایا جاتا ہے اور چین کی جی ڈی پی میں تاریخ ساز اضافے کا رجحان برقرار ہے ۔ پاکستان چین کے ساتھ مل کر علاقائی ترقی اور استحکام کے لیے کوششوں کا خواہاں ہے۔ قاسم خان سوری نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت پاکستان اورپورے خطے کی ترقی ممکن ہو گی ،چین پاکستان کا ایک دیرینہ آزمودہ دوست ہے جس نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کی حمایت کی ہے، کووڈ۔19کی مشکل ترین صورتحال میں بھی چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہےجس پر پاکستانی عوام اور حکومت چین کے مشکور ہیں۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں آئندہ بھی چین کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔