انسداد بدعنوانی اور پاکیزہ سیاست __شی جن پھنگ کے اقوال
" فولاد سازی میں آلے کی مضبوطی بنیادی شرط ہے "
" فولاد سازی میں آلے کی مضبوطی بنیادی شرط ہے "۔ نومبر دو ہزار بارہ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی اٹھارہویں مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے مستقل ارکان کی چینی و غیر ملکی صحافیوں سے ملاقات کے موقع پر جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے مذکورہ خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کی جانب سے پارٹی کی مضبوط گورننس کے عزم ، اعتماد اور استقامت کا واضح اظہار کیا ۔
چین میں قدیم وقتوں سے ایک کہاوت چلی آ رہی ہے کہ " آہن سازی میں آلے کی مضبوطی کی ضرورت ہے "۔اس کے معنیٰ یہ ہیں کہ فولاد سازی میں استعمال ہونے والے ہتھوڑے کو بھی مضبوط اور پائیدار ہونا چاہیے ، اگر یہ مضبوط نہیں ہو گا تو کیسے مضبوط لوہا تیار کیا جا سکتا ہے؟
پارٹی کی جامع اور سخت نگرانی ، شی جن پھنگ کی ریاستی طرز حکمرانی کی ایک نمایاں خصوصیت ہے۔ جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کے خیال میں پارٹی کے مستقبل کا ملک اور قوم کے مستقبل سے گہرا تعلق ہے۔انسداد بدعنوانی میں بلا تفریق احتساب کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ " بد عنوانی کے خلاف جنگ میں کوئی ممنوع زون ، کوئی خصوصی زون اور کوئی بلائنڈ زون نہیں ہے"۔اس سے مراد لی جا سکتی ہے کہ بد عنوانی کے سدباب کی جدوجہد میں کسی کو رعایت حاصل نہیں ہے۔کوئی بھی شخص احتساب سے بالا نہیں ہے اور نہ ہی وہ اپنے سیاسی رتبے ، سیاسی وابستگی یا سرکاری عہدے کی آڑ لے سکتا ہے۔
شی جن پھنگ کی قیادت میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی مضبوط سیاسی جرات اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی میں شفاف سیاسی ماحول اور بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے کے لیے بھر پور کوشاں ہے ۔ ایک شفاف اور دیانت دار حکومت کی تشکیل میں کامیابی اور بدعنوانی کے خلاف جنگ میں حاصل شدہ فتح کے باعث لوگوں کے دلوں میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے لئے مزید اعتماد اور حمایت کو تقویت ملی ہے اور عوام کی جانب سے حکومتی اقدامات کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔