امریکی "کرسچن سائنس مانیٹر" ویب سائٹ نے حال ہی میں ایک طویل رپورٹ شائع کی تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ چین میں لوگ ایک صدی پرانی جماعت "چینی کمیونسٹ پارٹی" کی کیوں حمایت کرتے ہیں۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ 2020 کے اوائل میں جس طرح چینی کمیونسٹ پارٹی نے وبا پر قابو پایا اس سے عوام کے نزدیک چینی کمیونسٹ پارٹی کومزید اہمیت ملی ہے۔اسی طرح 2020میں چین دنیا میں مثبت معاشی نمو کی حامل واحد معیشت رہی ہے ،سی پی سی نے وسیع پیمانے پر انسداد غربت سمیت مخصوص ترقیاتی اہداف کا حصول جاری رکھا ہے۔عالمی رائے عامہ کے خیال میں وبائی صورتحال کے دوران چین کو صحت عامہ ،معیشت اور سیاسی میدان میں امریکہ سمیت مغربی ممالک پر سبقت حاصل رہی ہے۔
چین نے دسمبر 2020 میں پورے ملک سے انتہائی غربت کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے 850 ملین افراد کو غربت سے نکالنے کا مشکل کام مکمل کیا ہے۔ چینی رہنماؤں نے بدعنوانی کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا ہے ، جس کا تعلق پارٹی اور ملک کی بقا سے ہے۔ انہی اقدامات کی بدولت چینی کمیونسٹ پارٹی عوام میں مقبول ہے۔