دہشت گرد بلوچستان کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، عبدالقدوس بزنجو

2021-04-26 11:54:07
شیئر:

بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے چائنا میڈیا گروپ کے ساتھ بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں 21 اپریل کو ہونے والے بم حملے کے تناظر میں خصوصی گفتگو کی۔ انہوں نے کہ یہ دھماکہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب ہمارے معزز مہمان، پاکستان میں چین کے سفیر کوئٹہ میں موجود تھے۔ اس سے دہشت گردوں کے عزائم واضح ہوتے ہیں کہ وہ بلوچستان اور سی پیک کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ سرحد پار دشمن بلوچستان کی ترقی کی راہ روکنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کی یہ سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اس سے قبل 24 اپریل کو ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے 21 اپریل کو پاکستان کے شہر کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔ سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی دہشت گردانہ کارروائیوں کے منصوبہ سازوں ، مرتکب  افراد  ، مالی اعانت کاروں اور مددگاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔