پاکستان میں چینی سفارت خانے اور چین میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن اور اکادمی ادبیات پاکستان نے پچیس تاریخ کو مشترکہ طور پر چین پاک ادبی فورم کا آن لائن اور آف لائن انعقاد کیا۔یہ فورم چین اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے سلسلہ وار سرگرمیوں کی ایک کڑی ہے۔اس موقع پر چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن اور اکادمی ادبیات پاکستان نے تعاون کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ادبی شعبے میں تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے اور چین پاک ہم نصیب سماج کی تعمیر کے لیے افرادی و ثقافتی لحاظ سے متحرک قوت فراہم کی جا سکے۔فورم کے دوران قدیم چینی شاعری لی ساو کا اردو ورژن ”غم کے محاذ پر “بھی جاری کیا گیا۔ اسے چین اور پاکستان کے درمیان ادبی شعبے میں تعاون کا اہم ثمر قرار دیا جاتا ہے۔چین اور پاکستان کے نامور مصنفین اور معروف ادبی شخصیات نے فورم کے دوران اظہار خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان ادبی شعبے میں تعاون کی مضبوطی کی خواہش ظاہر کی۔