کھون منگ میں چین و پاکستان کی خواتین کا پہلا اعلی سطحی خواتین فورم

2021-05-26 16:09:12
شیئر:

کھون منگ میں چین و پاکستان کی خواتین کا پہلا اعلی سطحی خواتین فورم_fororder_微信图片_20210526160611

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی ۷۰ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں ۲۵مئی کو صوبہ یوں نان کے شہر کھون منگ میں پہلا اعلی سطحی خواتین فورم منعقد ہوا۔ یہ فورم ، بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے نے آل چائنا ویمن فیڈریشن (اے سی ڈبلیو ایف) ، آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن (اپوا) اور یوں نان صوبائی ویمن فیڈریشن کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ۔ اس فورم کا مقصد ، پاکستانی اور چینی معاشرے میں خواتین کی خدمات خاص طور پر غربت کے خاتمے ، کووڈ -۱۹کے بعد بحالی اور کمزور آبادیوں کے سماجی و معاشی استحکام میں ان کے اہم کردار کا اعتراف کرنا تھا ۔صوبہ یوں نان کے نائب گورنر اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ فورم میں وزراء ، دو خواتین انجمنوں کی صدور ، سینئر عہدیدار ، کاروبار سے وابستہ خواتین اور دونوں ممالک کے طلباء نے شرکت کی۔
 پاکستان کی وزیر برائے انسانی حقوق ، ڈاکٹر شیریں مزاری نےاپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان میں خواتین کے حقوق اور وقار کو برقرار رکھنے میں حکومت کی پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک  کے تحت پاکستان میں خواتین کو  آگے بڑھنے کے مواقع مل رہے ہیں۔ انہوں نے چینی خواتین تنظیموں کو اپنے تجربات  کے تبادلے میں اضافے کے لیے  اپنے ہم منصبوں سے ہم آہنگی کی دعوت دی۔
وزیر اعظم  پاکستان کی معاون خصوصی برائے خاتمہِ غربت و سماجی تحفظ،ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے  اپنے ویڈیو پیغام میں ستر سالہ سفارتی تعلقات کی تکمیل پر مبارک باد پیش کرتے ہوئےفورم کے انعقاد کو سراہا اور  اس امید کا اظہار کیا کہ یہ فورم دونوں ممالک کی خواتین کے مابین ہم آہنگی میں ایک مثبت کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے احساس پروگرام کے نفاذ کے معاشرتی اور معاشی نتائج کے بارے میں بیان کیا کہ اس سے پسماندہ خواتین کس طرح سے مستفید ہورہی ہیں ۔
 اپنے تاثرات میں ،چین میں پاکستان کی سابق  سفیر نغمانہ ہاشمی نے  ۷۰  ویں سالگرہ کے موقع پر خواتین فورم کےانعقاد  کی تعریف کرتے ہوئے سی پیک   کے تحت پاک چین ویمن کوریڈور کے قیام کی تجویز پیش کی ۔آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی صدر نے دونوں ممالک کی خواتین تنظیموں کے مابین گہرے تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا۔

کھون منگ میں چین و پاکستان کی خواتین کا پہلا اعلی سطحی خواتین فورم_fororder_微信图片_20210526160622