کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر ، پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے چائنا میڈیا گروپ کو دیئے گئے انٹرویو میں سی پی سی کو مبارکباد دیتے ہوئے چینی عوام کی خوشحالی کے لیے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی تعریف کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ چین کا نظام مغربی ممالک کے نظام سے بہتر ہے۔
پاکستانی وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین کی تیز رفتار ترقی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا نظامِ حکمرانی لازم و ملزوم ہیں ، چینی خصوصیات کا حامل سوشلسٹ راستہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں مستقل اصلاحات ، چین کی تیز رفتار ترقی کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد سے ہی دونوں ممالک نے قریبی روابط کو برقرار رکھا ہے ، چاہے بین الاقوامی صورتحال میں کسی بھی قسم کی تبدیلی آئے ، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے لہذا پاکستانی عوام کے دلوں میں چین کا ایک خاص مقام ہے ۔ اب پاکستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مسلسل پیشرفت نے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو ایک نیا عروج دیا ہے۔ پاکستانی حکومت پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کی بھر پور حمایت کرتی رہے گی۔