کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے سو سال کے موقع پر چار جولائی کو لاہور میں انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈمیڈیاریسرچ کے زیر اہتمام ایک سمینار منعقد ہوا ۔ سیمینار سے بیجنگ یونیورسٹی کی ڈائریکٹر اردوڈیپارٹمنٹ ڈاکٹرژانگ جیامی(zhang Jiamei)،انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈمیڈیاریسرچ کے چیئرمین محمد مہدی،صدر یاسر حبیب خان ،پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر سلیم مظہر،پروفیسر امجد مگسی ،پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ فلم اینڈ براڈکاسٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی چیئر پرسن لبنیٰ ظہیر ،سینئر صحافی عدنان خان کاکڑ ، لقمان شیخ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس سمینار میں قائم مقام قونصل جنرل چائنا لاہور پنگ زنگ وو(Peng Zhengwu)نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اہم خطاب کیا ہے۔
اپنے خطاب میں قائم مقام قونصل جنرل چائنا لاہور پنگ زنگ وو(Peng Zhengwu)نے کہا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے پہلی صدی کے اہداف خوشحالی ، امن اور ترقی کامیابی سے حاصل کئے ہیں اور اب نئی منازل کی طرف گامزن ہے ،اپنے قیام کے وقت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا صرف پچاس ارکان پر مشتمل تھی اور آج ایک ارب سے چالیس کروڑ سے زائد لوگوں کے ملک میں اس پارٹی کے ارکان کی تعداد 95 ملین سے زائد ہے۔ پنگ زنگ وو(Peng Zhengwu)نے مزید کہا کمیو نسٹ پارٹی آف چائنا نے سیاسی ،معاشی اور سماجی استحکام لا کر چین کو غربت کی دلدل سے نکالا، چین کی تمام کامیابیوں کا سہرا بجا طور پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر رہے ہیں جس کا مقصددونوںممالک کی مشترکہ ترقی اور خوشحالی ہے ۔پاکستان اور چین کے لازوال تعلقات کے 70سال مکمل ہو چکے ہیں اوردونوں ممالک نے سماجی و سیاسی نظا م ،ثقافت ، مذہب اور تاریخ میں فرق ہونے کے باوجود پوری دنیا میں دوستی کی عظیم اور لازوال مثال قائم کی ہے ۔