کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی سوویں سالگرہ کے موقع پر ، بہت سی بین الاقوامی شخصیات نے سی ایم جی کے نامہ نگاروں کو دئیے گئے خصوصی انٹرویوزمیں مختلف شعبوں میں چین کی جانب سے حاصل کی گئی نمایاں کامیابیوں پر اظہارخیال کیا اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی جانب سے عوام کو مرکزی حیثیت دینے کے ترقیاتی نظریے کی تعریف کی۔
پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے چیف کنوئینر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں چین نے تاریخی طور پر غربت کے مسئلے کو حل کیا ہے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سی پی سی چینی عوام کی زندگی کی بہتری کے لئے کوشاں ہے، اور تمام بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود کے لئے سخت محنت کر رہی ہے۔ پاکستان چین کے غربت کے خاتمے کے تجربات سے سیکھ رہا ہے۔ امید ہے کہ ہم چین کے ترقیاتی ماڈل کو استعمال کرتے ہوئے اپنے عوام کو غربت سے نکال سکیں گے۔
ترک پیٹریاٹک پارٹی کے رکن سالکن کا خیال ہے کہ چین نے عالمی غربت کے خاتمے کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر چین نے گزشتہ 5 سے 10 سالوں میں غربت کے خاتمے کے میدان میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں ہیں جو ترکی سمیت دنیا کے تمام ممالک کے لئے قابل تقلید ہیں۔