پاکستان میں چینی سفارتخانے کا بس دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس

2021-07-14 18:17:59
شیئر:

چودہ جولائی کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً سات بجے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں داسو ہائیڈرو پاور اسٹیشن پر کام کرنے والے چینی اہلکاروں کی ایک بس تعمیراتی سائٹ پر ایک دھماکے کا شکار ہو گئی۔تاحال اس حادثے میں 9 چینی اہلکار اور 3 پاکستانی اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں۔ پاکستانی حکام کی جانب سے دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔

اس واقعے کے فوری بعد پاکستان میں چینی سفارت خانے نے ہنگامی اقدامات کیے ، پاکستانی فوج ، وزارت خارجہ ، وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ محکموں سے رابطہ کیا گیا ، اور پاکستانی حکام سے درخواست کی گئی کہ انسانی جانوں کے تحفظ سمیت زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، ملک میں موجود چینی شہریوں ، چینی اداروں اور جاری منصوبہ جات کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں اور اس واقعے کی جلد ازجلد تحقیقات کی جائیں۔ پاکستانی فوج کی جانب سے امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کردیئے گئے ہیں۔پاکستان میں چینی سفارت خانے نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہری تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔