چین کی غیر ملکی تجارت کی شاندار ترقی کی وجوہات کیا ہیں؟ سی آر آئی کا تبصرہ
2021-07-14 10:39:23
شیئر:
چین کے کسٹمز حکام کی جانب سے 13 تاریخ کو جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سال 2021 کی پہلی ششماہی میں چین کی درآمدات و برآمدات کی کل مالیت سال بہ سال 27.1 فیصد اضافے کے ساتھ 18.07 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی ہے۔ تاریخ کے ایسے دور میں جب نوول کورونا وائرس کی وبا اپنے عروج پر تھی چین کی جانب سے وبا کی روک تھام اور کنٹرول کی بہترین پالیسیاں متعارف کروائی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بہترین معاشی اورمعاشرتی پالیسیاں اختیار کی گئیں۔ چین کی یہ ترقی چین کی مجموعی کوششوں کے استحکام کی عکاسی کرتی ہے۔حالیہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ چین نے ایک بار پھر سال بھر کے لئے غیر ملکی تجارت کے حجم میں مستحکم اور معیاری اضافے کی مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے۔
خاص طور پر ، چین کے معاشی بنیادی حالات مستحکم اور بہتر ہیں ، جو غیر ملکی تجارت کی مستقل اور مستحکم نمو کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے تبصرہ کیا تھا کہ چین وبا پر سب سے پہلے قابو پانے کی وجہ سے سال 2020 کے پہلے چند مہینوں ہی میں معاشی کساد بازاری سے چھٹکارا پالیا اور مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن رہا۔
چینی برآمد کنندگان نے بھی اس وبا کے خلاف عالمی جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اسی دن جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، رواں سال کی پہلی ششماہی میں ، چین نے 112 ممالک اور خطوں کو کووڈ-19 کی 500 ملین سے زائد خوراکیں برآمد کیں۔ جو عالمی بحالی کی راہ میں چین کی ایک بڑی خدمت ہے۔