بیجنگ میں پاکستان کے یوم دفاع کی تقریب

2021-09-07 10:15:05
شیئر:

بیجنگ میں پاکستان کے یوم دفاع کی تقریب

چھ ستمبر کو بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام پاکستان کے یوم دفاع اور یوم شہدا کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔ یہ دن ہرسال پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے دفاع پاکستان کے لئے پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منایا جاتاہے۔
اس دن کی مناسبت سے بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک استقبالیہ منعقد کیا گیا جس میں چین کے اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف ممالک کی ممتاز سفارتی شخصیات، عسکری اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
تقریب کے مہمان خصوصی چین کے مرکزی فوجی کمیشن کے جوائنٹ سٹاف ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل شاؤ  یوان منگ تھے۔
اپنے خطاب میں سفیر پاکستان محترم جناب معین الحق نے قیام امن اور دفاع پاکستان کے لئے پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک چین دوستی اور دونوں ممالک کے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے سفیر محترم نے کہا کہ سات دہائیوں کے دوطرفہ تعلقات کے دوران ، پاکستان اور چین کے تعلقات چاروں موسموں کی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ' میں تبدیل ہوچکے ہیں۔
سفیر پاکستان نے چینی حکومت اور پی ایل اے کی دوستی اور پاکستان چین دوطرفہ تعلقات کی مستحکم ترقی میں شراکت کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن اور استحکام کے ایک عنصر کے طور پر اس کی اہمیت پر زور دیا۔