نئے عہد کے تقاضوں کے مطابق چین جاپان تعلقات کو فروغ دیا جائے،سی آر آئی کا تبصرہ

2021-10-09 10:47:14
شیئر:

چینی صدر شی جن پھنگ اور  جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا کے درمیان آٹھ اکتوبر کو ٹیلی فونک بات چیت ہوئی۔یہ ایک بروقت اور بے حد اہم بات چیت ہے۔چین اور جاپان کے سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے پچاس سال مکمل ہونے والے ہیں اور اس دوران فریقین نےان تعلقات سے بھرپور استفادہ کیاہے۔تاہم جاپان میں کچھ سیاسی عناصر اور امریکہ کے باعث چین سےمتعلق جاپان کی پالیسی متاثر ہو رہی ہے۔ کووڈ-۱۹ سمیت صدی کے بدلتے تقاضوں کے مطابق چین اور جاپان کیسے چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہیں اور مواقع سے کس طرح فائدہ اٹھاتے ہیں یہ نا صرف دونوں ممالک کے عوام کی فلاح بہبود سے وابستہ ہے ،بلکہ ایشیائی نیز عالمی امن و ترقی سے بھی منسلک  ہے۔
انہی حقائق کی روشنی میں شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور جاپان کے درمیان طے شدہ چار اہم سیاسی دستاویزات پر عمل پیرا ہونا چاہیئے۔ان کی یہ تجویز فریقین کے درمیان اختلافات پر قابو پانے اور دوطرفہ تعلقات کی درست راہ پر آگے بڑھنے کے لیے مدد گار ثابت ہوگی۔
علاوہ ازیں فریقین نے حکمرانی اور اقتصادی پالیسی میں تبادلے و ہم آہنگی کو مضبوط بنانے ،کھلی تجارت و سرمایہ کاری کے ماحول کے تحفظ ،کثیرالجہتی پر  عمل درآمد اور عالمی امن ،استحکام و ترقی کی حفاظت پر بھی زور دیا اور نئے عہد کے تقاضوں میں چین جاپان تعلقات  کے لیے سمت کا تعین کیا  ہے۔