بارہ نومبر کو بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں ،پاکستان کے لیے انسداد وبا کا سازوسامان عطیہ کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
بیرونی ممالک کے ساتھ دوستی کے لیے چینی عوام کی ایسوسی ایشن کے نائب سربراہ لی شی کھوئی اور چائنا میڈیکل ہائی ٹیک کاروباری ادارے ووہان ایزی ڈائگنوسس بائیو میڈیسن کے نمائندے نےانسداد وبا کا سازوسامان چین میں تعینات پاکستانی سفیر معین الحق کے حوالے کیا ۔پاکستان کو عطیہ کی جانے والے ان کووڈ-۱۹ ٹیسٹ کٹس کی کل مالیت ایک کروڑ اٹھائیس لاکھ آر ایم بی ہے۔
چین میں متعین پاکستانی سفیر معین الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسداد وبا میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیے بیرونی ممالک کے ساتھ دوستی کے لیے چینی عوام کی ایسوسی ایشن اور چینی عوام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کووڈ-۱۹ کی وبا دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا کو درپیش صحت عامہ کا سب سے شدید بحران ہے۔پاکستان اور چین کی دوستی تاریخی آزمائش سے گزر کر زیادہ قیمتی ہو چکی ہے۔انسداد وبا کے حوالے سے چین کے کامیاب تجربات پاکستان کے لیے قابلِ تقلید ہیں اور دنیا کے لیے ایک مثال بھی ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان ،پاک-چین سفارتی تعلقات کے قیام کی سترویں سالگرہ کے موقع پہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات اور قریب تر پاک -چین ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کو فروغ دینے کا خواہش مند ہے ۔