ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں چین کی شمولیت کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر چین میں پاکستان کے سابق قونصلر اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چائنا اسٹڈیز سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ضمیر اعوان نے کہا کہ ڈبلیو ٹی او میں شمولیت کے بعد سے چین نے نہ صرف عالمی تجارتی تنظیم کی آزادی، انصاف پسندی اور کثیرالجہتی کے اصولوں کو برقرار رکھا ہے بلکہ دیگر رکن ممالک کے ساتھ تجارتی توازن کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین 20 سالوں سے عالمی تجارتی تنظیم کے آزادی اور انصاف کے مقصد کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی تجارت میں کثیرالجہتی اور عالمگیریت کا حامی ہے۔چین بین الاقوامی تجارت میں دوسرے ممالک کے مفادات کے تحفظ پر بہت زیادہ توجہ دیتا ہے۔ مثال کے طور پر پاکستان کے ساتھ تجارت میں چین نے چین- پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے پروٹوکول پر دستخط کو فعال طور پر فروغ دیا ۔ چین کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارے کو پورا کرنے کے لیے چین نے پاکستان کے کاروباری اداروں کو مفید برآمدی پالیسی فراہم کی ہے ۔
ضمیر اعوان کا کہنا ہے کہ امریکہ جیسے کچھ مغربی ممالک نے تجارتی مسائل پر سیاست کی ہے جس کے نتیجے میں یکطرفہ پسندی اور تجارتی تحفظ پسندی عروج پر ہے جس سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے مفادات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ پاکستان ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات کو فروغ دینے اور ڈبلیو ٹی او کی آزادی اور انصاف کے تحفظ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔