صدر شی جن پھنگ کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات

2022/02/06 15:40:13
شیئر:

چھ فروری کی صبح چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے عظیم عوامی ہال میں ملاقات کی۔ جناب عمران خان بیجنگ سرمائی اولمکپس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے چین تشریف لائے ہیں۔
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ سال گزشتہ 2021 چین پاک تعلقات کے لئے بہت اہمیت کا سال تھا۔ اس سال چین پاک سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی گئی۔ دونوں ممالک کے تعلقات  اعتماد کے ساتھ مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔ شی جن پھنگ نے پرزور الفاظ میں  کہا کہ دنیا ابتری اور تبدیلی کے دور میں داخل ہو چکی ہے اور چین پاکستان تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت مزید نمایاں ہو گئی ہے۔ چین اور پاکستان کو باہمی اعتماد، باہمی تعاون اور مشترکہ تعاون کی روایت کو آگے بڑھانا چاہیے اور اسٹرٹیجک تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے۔
چین قومی آزادی، خودمختاری اور وقار کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے اور ترقیاتی حکمت عملیوں کو ہم آہنگ کرنے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی  ترقی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
 جناب عمران خان نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کی شاندار افتتاحی تقریب کے کامیابی سے انعقاد پر چین کو مبارکباد دی اور  وبا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی گراں قدر مدد پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا چین کی فراہم کردہ ویکسین نے نہ صرف پاکستانی عوام کو وبا سے بچایا بلکہ پاکستانی معیشت کو بھی سہارا دیا۔پاکستان اور چین چاروں موسموں کے دوست ممالک اور اسٹرٹیجک شراکت دار ہیں۔ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے کی تعمیر کو فعال طور پر فروغ دینے اور صنعت، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے، تاکہ پاکستان کو اقتصادی ترقی کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔  پاکستان علاقائی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے افغانستان جیسے علاقائی مسائل پر چین کے ساتھ رابطے اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔