پاکستانی وزیرِ اعظم کا دورہِ چین کے حوالے سے بیان

2022/02/07 17:41:27
شیئر:

چین کے دورےسے واپسی پر پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے  پر جوش استقبال  اور مہمان نوازی  کے لیے چین کی حکومت اور عوام کا   شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک یادگار دورہ تھا، بیجنگ اولمپکس کی افتتاحی تقریب چینی فن، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کا ایک متاثر کن مظاہرہ تھی۔ انہوں نےاولمپکس  کی بھرپور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

 صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ کے ساتھ  ہونے والی ملاقاتوں کے حوالےسے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماوں نے سٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
سرکردہ چینی اداروں کے ساتھ ہونے والی  بات چیت کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ انہیں  پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے میں ان کی دلچسپی سے بے حد خوشی ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور چینی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہر سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ  دونوں ممالک مستقبل میں بھی اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھیں گے افرادی تبادلوں  اور ثقافتی تعاون سمیت دیگر شعبوں میں اپنے مثالی تعاون کو جاری رکھیں گے۔
انہوں نے صدر شی جن پھنگ کو  جلد ہی سرکاری دورے پر پاکستان میں خوش آمدید کہنے کی خواہش کا اظہار کیا اور چین کے لوگوں کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور خوبصورتی  دیکھنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔