بیجنگ سرمائی کھیلوں کی مناسبت سے " ڈیجیٹل پوسٹرز" مقابلوں کا آغاز

2022/02/09 11:33:53
شیئر:

بیجنگ سرمائی اولمپکس2022ء کی مناسبت سے   چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس نے  پاکستان کے   انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ اور  چینی قونصلیٹ لاہور کے ساتھ ''ڈیجیٹل پوسٹرز'' مقابلوں کا آغاز کر دیا  ہےجو کہ آٹھ فروری سے اٹھارہ فروری تک منعقد ہوگا ۔  چائنہ میڈیا گروپ اردو سروس کی سربراہ محترمہ مہوش چاؤ چھیا ؤ (ZHAO QIAO)نے کہا کہ یہ مقابلہ بیجنگ سرمائی اولمپکس اور پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ چین کے تناظر میں منعقد کیا جارہا ہے اور  چین اور پاکستان کے درمیان دوستی اور مل کر ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کی خواہش کی مکمل عکاسی کرتا ہے جو کہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ امید ہے کہ ڈیجیٹل پوسٹرز کے ذریعے چین پاکستان دوستی، بہتر زندگی اور بہتر مستقبل کے لیے اپنی توقعات کا اظہار کیا جائے گا ۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے چیئرمین محمد مہدی اور صدر یاسر حبیب خان نے کہا کہ ڈیجیٹل پوسٹر زکے مقابلوں کے انعقاد کا مقصد بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022ء کے تھیم ''مشترکہ مستقبل کا اشتراک ''کو پروان چڑھانا ہے۔ چینی قونصل جنرل لاہور پھنگ زنگ وو(PENG ZHENGWU)نے کہا کہ ان مقابلوں کے انعقاد کامقصد عوام کو بیجنگ اولمپکس کے اچھوتے انداز سے محسوس کرانے کا ایک منفرد اقدام ہے جو قابل ستائش ہے ۔چینی قونصل جنرل کراچی لی بی جیان (LI BIJIAN)نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022ء کی مناسبت سے ڈیجیٹل پوسٹرز کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے اور امید ہے کہ اولمپکس مقابلے اپنی ایک نئی داستان رقم کریں گے۔ لاہوراوورسیز چائنا ایسوسی ایشن کے صدر لو جیان شو (LUO JIANXUE)نے کہا کہ ڈیجیٹل پوسٹر زمقابلے لوگوں کے اندر اولمپکس مقابلوں کی آگاہی پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں گے ۔