بیجنگ سرمائی اولمپکس کی کہانیاں، کھیلوں کی روح کی مظہر کہانیاں

2022/02/16 11:14:14
شیئر:

2022  بیجنگ سرمائی اولمپکس میں دنیا بھر کے شائقین نے نہ صرف کھلاڑیوں کے اعلیٰ درجے کے مقابلے دیکھے ہیں بلکہ ان کی کھیل کی مہارت، مضبوط روحانی طاقت، گرم جوشی اور بلاشبہ اسپورٹس مین شپ کی جھلک بھی دیکھی ہے، اور ہاں، اولمپک جذبہ جو تمام بنی نوع انسان کو متحد کرتا ہے۔اب ہم چند ایسی کہانیاں آپ کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔

چودہ فروری کو بیجنگ سرمائی اولمپکس میں  خواتین کے  شارٹ ٹریک اسپیڈ اسکیٹنگ 3000 میٹر ریلے فائنل کے بعد ایوارڈ کی تقریب میں ہالینڈ کی چیمپیئن ٹیم نے اپنی آنجہانی  ساتھی رالا وین روئیون  کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک خاص طرز عمل کا مظاہرہ کیا، جو ایک سال  قبل بیماری کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔اس منظر نے  دنیا کے بے شمار لوگوں کے دلوں پر گہرے نقوش چھوڑے۔

 

جولائی 2020 میں، 27 سالہ ڈچ شارٹ ٹریک اسپیڈ اسکیٹر رالا وین روئیون متعدی مرض کے باعث انتقال کرگئی تھیں۔ اس تصویر  میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈچ شارٹ ٹریک اسپیڈ اسکیٹنگ ٹیم کی چاروں لڑکیوں نے اُن سے اپنی عقیدت کا اظہار آسمان کی جانب بوسوں سے کیا ۔ ٹیم کی رکن شلٹنگ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم رالا کو بہت  یاد کرتے ہیں، کچھ لوگ فتح کے بعد آنسو بھی بہا رہے تھے۔ رالا ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہتی ہیں، ہم سب ان سے پیار کرتے ہیں، اور مجھے یقین ہے کہ انہیں ہم پر فخر ہو گا۔ یہ گولڈ میڈل جیتنا ہمیشہ سے رالا  کا سب سے بڑا مقصد رہا ہے.

اگلی کہانی، امریکی ایتھلیٹ کولبی سٹیونسن چھ سال قبل ایک سنگین کار حادثے میں شدید زخمی ہوئے۔ان کے جسم کے مختلف حصے بشمول جبڑے اور گردن میں فریکچر ہوا ۔ حادثے کے بعد، ان کی دو بڑی  سرجریاں ہوئیں اور مرنے سے بال بال بچے  ۔ چھ سال بعد، سٹیونسن نے نہ صرف  بیجنگ سرمائی اولمپکس میں شرکت کی ، بلکہ  انہوں نے فری اسٹائل اسکی جمپنگ ایونٹ میں چاندی کا تمغہ بھی جیتا ۔

 

جیت کے بعد، سٹیونسن نے کہا، "میں جو کچھ بھی کرتا ہوں وہ کھیل سے محبت کرنے کے لیے، اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے، اور یہاں موجود ہونے کے لیے ہے، یہ ایک جادوئی جگہ ہے"۔

اسی مقابلے میں ناروے سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ برک رُڈ نے چیمپئن شپ جیتی ۔ یہ رُڈ کا پہلا سرمائی اولمپک گولڈ میڈل ہے۔ رُڈ نے  "دیوانہ وار" خوشی منانے کے بجائے ، انتہائی عاجزی سے فتح کی  خوشی  منائی ۔لوگوں نے دیکھا کہ وہ مسکرائے ، آنکھیں بند کیں اور دائیں ہاتھ سے آسمان کی جانب اشارہ کیا، جیسے کسی کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہوں۔

 

بعد میں لوگوں کو معلوم ہوا کہ رُڈ نے یہ اولمپک گولڈ میڈل اپنے آنجہانی والد کے نام کیا ہے ۔ رُڈ کے والد گزشتہ سال اپریل میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ 10 ماہ بعد 21 سالہ رُڈ نے بیجنگ سرمائی اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا۔ دکھ کی بات یہ ہے کہ باپ اپنے بیٹے کےاس شاندار لمحے کو دیکھنے کے لیے جی نہ پائے۔ جیت کے بعد کیمرے کا سامنا کرتے ہوئے رُڈ نے پیار سے کہا "پاپا آپ میرے ساتھ ہیں"۔

اگلی کہانی، 8 فروری کو بیجنگ سرمائی اولمپکس میں مردوں کے سنو بورڈنگ سلوپنگ سکلز فائنل میں طلائی تمغہ جیتنے والے کینیڈا کے میکس پاروٹ ، نہ صرف ایک بہترین سنو بورڈر ہیں بلکہ کینسر  کے خلاف کامیاب جنگ لڑنے والے بھی ہیں۔

 

نومبر 2018 میں، میکس میں لیمفوما کی تشخیص ہوئی۔مسلسل چھ  ماہ علاج کے بعد، میکس نے بلا آخر کینسر کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کر لی . جون 2019 میں، میکس نے اپنا آخری کیمو مکمل کیا اور کینسر کو شکست دی۔ صرف دو ماہ بعد، میکس نے  ناروے میں منعقدہ ایکس۔گیمز میں شرکت کی اور  طلائی تمغہ جیتا اور 2021 میں لارنس ورلڈ کم بیک آف دی ایئر ایوارڈ جیتا ۔

آخری کہانی، 8 فروری کو ویمنز فری اسٹائل اسکیئنگ پلیٹ فارم فائنل کے بعد ایک دلوں کو گرما دینے والا منظر  سامنے آیا۔ مقابلے کی فاتح چین کی ایلین  گو اور دوسرے نمبر پر آنے والی سوئٹزرلینڈ کی میتھیلڈ گریموڈ فرانس کی ٹیس رڈ ک کو تسلی دے رہی تھیں جو  "فالٹ" کی وجہ سے  چیمپئن شپ سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

 

دلوں کو چھو لینے والی یہ  تصاویر دیکھنے اور ان کہانیوں کو سننے کے بعد، ایسا لگتا ہے  کہ مجھے اپنے تاثرات اور جذبات کے حوالے سے مزید کچھ بھی  کہنے کی ضرورت نہیں ہے، ہمیں ایسے تمام  کھلاڑیوں کو سراہنے  کی ضرورت ہے جو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں،  طاقتور لائف فورس کی نمائندگی کرتے ہیں،  اور زبردست  اسپورٹس مین شپ اور اولمپک جذبے کا مظاہرہ کر رہےہیں !

جب لوگ پیشہ ور رویے کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو  اکثر  وہ اس پیشے کے لیے درکار جذبے، قابلیت اور خود شناسی کا حوالہ دیتے ہیں ۔ میرے خیال میں پیشہ ورانہ جذبہ وہ روحانی قوت اور رویے ہیں  جو  مخصوص چیزوں اور طرز عمل سے کہیں آگے بڑھ کر ،  چیزوں کو ایک اعلیٰ زاویے اور بلند نقطہ نظر سے دیکھتے ہیں، اور اپنے نظریے کو عمل میں لاتے ہیں۔ جیسے ٹی پارٹی، مشرقی ثقافت کے نقطہ نظر سے زندگی کی حقیقت اور معنیٰ کو چائے کے ذائقے کے ذریعے مخصوص رسومات سےسمجھنا ہے۔ جہاں تک اسپورٹس مین شپ یعنیٰ کھیلوں کی روح  کی بات ہے تو میری سمجھ میں یہ دلیرانہ طرز عمل ہے،اپنی جسمانی حدوں کو چیلنج کرنے کی ہمت اور روحانی طاقت سے اپنے دل کی بزدلی، خود پر قابو پانے کی طاقت اور بیماری حتیٰ کہ موت سے لڑنے کی بہادری، محبت سے  زندگی کو سمجھنے اور گزارنے کی  ہمت ہے، محبت کی  اس طاقت اور اعتماد کو دوسروں تک پہنچانے کی ہمت ہے، اور محبت کی اس طاقت اور یقین کو "خود" کو اور اپنے پیاروں کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کرنے کی ہمت ہے۔ یہ وہی ایمان اور بہادری ہے، وہی  مضبوط اسپورٹس مین شپ ہے، جو ہم نے مذکورہ  سرمائی اولمپکس کی کہانیوں میں کھلاڑیوں کے ذریعے  دیکھی ہے۔