بیجنگ سرمائی اولمپکس کے ورثے، کہانی جاری ہے

2022/02/18 14:34:27
شیئر:

چند روز قبل بیجنگ سرمائی اولمپکس کی آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں نامہ نگار  نے سوال پوچھا کہ  کیا بیجنگ سرمائی اولمپکس منافع بخش ہو سکتے ہیں؟ اگرچہ متعلقہ محکمے کے انچارج نے منافع یا  نقصان کی پیش گوئی کے حوالے سے مخصوص اعداد و شمار کا حوالہ نہیں دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے مادی اور غیر مادی ورثے سے بے شمار سماجی اور اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے، سرمائی اولمپکس کی لائسنس یافتہ مصنوعات کی مقبولیت اور سرمائی اولمپکس کے وینیوز  کا پائیدار استعمال ، برفانی کھیلوں سے متعلق تیزی سے ترقی کرنے  والی متعلقہ صنعتیں ہی  بیجنگ سرمائی اولمپکس کو تاریخ کا سب سے کامیاب سرمائی اولمپکس بنائیں گی۔بعض ذرائع ابلاغ نے پیش گوئی کی ہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے مارکیٹنگ امور  بہت کامیاب رہے ہیں۔ براڈکاسٹ اسپانسرشپ کی آمدنی کے علاوہ،ماسکوٹ بینگ دون دون سمیت 5,000 سے زائد لائسنس یافتہ مصنوعات کی زبردست فروخت جاری ہے۔ توقع ہے کہ  بیجنگ سرمائی اولمپکس سے 2 ارب امریکی ڈالر کا منافع حاصل ہو گا۔

میرا خیال ہے کہ حساب کتاب  اور نفع و نقصان پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔بیجنگ سرمائی اولمپکس کے مادی اور غیر مادی ورثے کو ٹھوس اعدادوشمار کے ساتھ شمار کرنا واقعی مشکل ہے۔ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں  سائنس اور ٹیکنالوجی، ذہانت ، ماحول دوستی اور کفایت شعاری کے جن تصورات کو اجاگر کیا جا رہا ہے، یہ بین الاقوامی اولمپک ورثے کی تاریخ کا ایک بالکل نیا باب ہے  ، اور یہ بنی نوع انسان کی مشترکہ دولت بھی ہے۔

11 فروری کو، بیجنگ سرمائی اولمپکس آرگنائزنگ کمیٹی نے " بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 اور سرمائی پیرا اولمپکس کی میراث اور مثالی  نمونوں کی  رپورٹ " جاری کی۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کی سب سے بڑی کامیابی اور ورثہ "300 ملین لوگوں کو برفانی کھیلوں میں شامل کرنے " کے ہدف کی تکمیل ہے۔ علاوہ ازیں، اس میں سرمائی اولمپک وینیوز کا پائیدار استعمال، تکنیکی جدت، ماحولیاتی تحفظ، ثقافتی مواصلات، اولمپکس شعور، رضاکارانہ خدمات اور دیگر کامیابیاں بھی شامل ہیں۔

اولمپک وینیوز کے پائیدار استعمال کی سب سے نمایاں مثال شوگانگ گرینڈ جمپنگ پلیٹ فارم ہے، جس کے بارے میں غیر ملکی میڈیا کے نامہ نگاروں نے کہا، "واہ واہ، چمنیاں دھواں کے بجائے  اولمپئنز کو آسمان کی جانب چھوڑ رہی ہیں!" دراصل ماضی میں یہاں ایک اسٹیل کارخانہ ہوا کرتا تھا اور آج اس متروک کارخانے کو اولمپک وینیو کا درجہ مل چکا ہے۔ ایسی پرانی صنعتی عمارتیں جیسے پاور پلانٹ، چمنیاں  ، ورکشاپس، اور کولنگ ٹاور بیجنگ سرمائی اولمپکس کی پائیدار ترقی کے تصور کی جامع عکاسی کرتے ہیں، اور سرمائی اولمپکس کے کلچر اور قدیم صنعتی ثقافت کے کامل امتزاج کا مظہر  ہیں۔ متعلقہ انتظامی محکمے کے مطابق، اولمپکس کے بعد اس  گرینڈ جمپنگ پلیٹ فارم کو مستقل طور پر برقرار رکھا جائے گا، اور یہاں  اسپورٹس اور تفریحی بلاکس،  سرمائی گیمز، کھیلوں کی نمائشوں، تفریح، ثقافتی تقاریب اور کھیلوں کی سیاحت کو اجاگر کرتا کثیرالمقاصد پارک قائم کیا جائے گا ۔یہ شہری ترقی کو فروغ دینے کے سلسلے میں اولمپک تحریک کے نمایاں کردار  ،  عالمی صنعتی ورثے کے دوبارہ استعمال اور صنعتی علاقوں کی بحالی کے لیے ایک مثال ہے۔


بلاشبہ،  برفانی کھیلوں کے لیے لوگوں کا جوش و خروش اور سرمائی اولمپکس کی وجہ سے متعلقہ صنعتوں کی بھرپور ترقی ، بیجنگ سرمائی اولمپکس کے سب سے اہم ورثوں میں سے ایک ہے۔ مثال کے طور پر، چانگ جاکھو  کے علاقے میں سرمائی اولمپکس  سے قبل، اسکینگ کرنے والے افراد کی سالانہ تعداد تقریباً 200,000 تھی اور اب یہ 20 لاکھ افراد تک پہنچ چکی ہے۔ بیجنگ کے یان چھنگ مسابقتی علاقے  میں مقامی کسانوں نے ایک اسکی ٹیم تشکیل دی ۔ان سابق کسانوں میں سے 11 نے بین الاقوامی اسکی انسٹرکٹر کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا، 1 نے قومی اسکی پیشہ ورانہ اہلیت کا امتحان پاس کیا، 2 نے الپائن اسکینگ لیول 3 ریفری سرٹیفکیٹ حاصل کیا، اور 1 نے الپائن اسکیئنگ کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا جو سرمائی اولمپکس کی وجہ سے مقامی کسانوں کی زندگی میں  تبدیلی کا  ماڈل ہے۔ اس کے علاوہ یہ سرمائی اولمپکس چین کے لیے برفانی کھیلوں کے بے شمار ہنر مند افراد  چھوڑے گا۔اس وقت بیجنگ میں برفانی کھیلوں کے کوچز کی تعداد 23,000 سے زائد اورصوبہ  حہ بے  میں 20,000 سے زائد ہو چکی ہے۔یہ طویل مدتی اور صحت مند  برفانی کھیلوں کی  ترقی کے لئے  انتہائی معاونت فراہم کرے گی۔

جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا ہے، سرمائی اولمپکس کے ورثے  نہ صرف مادی وینیوز ہیں، بلکہ غیر مادی ورثے بھی ہیں۔ برفانی کھیلوں سے چینی لوگوں کی محبت اور بے انتہا جوش و خروش کے علاوہ، ایک جذباتی رشتہ بھی ہے جو اولمپکس کے ذریعے چین اور دنیا کو مزید قریب لا رہا  ہے۔ اگرچہ وبا کے تحت "کلوزڈ لوپ مینجمنٹ"  مختلف ممالک کے ایتھلیٹس کو مقامی چینی باشندوں کے ساتھ بات چیت اور  تبادلہ خیال  کی اجازت نہیں دیتی ہے، تاہم چینی رضاکاروں، لاجسٹک سپورٹ اہلکاروں اور اسٹیڈیم اور اولمپک ولیج میں ایونٹ کے منتظمین نے دنیا بھر کے ایتھلیٹس کو چینی عوام کا جوش و خروش، دوستانہ رویہ  اور  چینی ثقافت کی دلکشی کا احساس دلایا ہے  ۔ وطن واپس جانے والے کچھ ایتھلیٹس نے چین اور بیجنگ سے جڑی اپنی یادوں کا برملا اظہار کیا اور  سوشل میڈیا پر ونٹر اولمپکس کے دوران اپنے شاندار تجربات کو نیٹیزنز کے ساتھ شیئر کیا۔

امریکی سنو بورڈر ٹیسا موڈ، جو رضاکار کی جانب سے "چین میں خوش آمدید" کہنے کے انداز سے آبدیدہ ہو گئی تھیں ، امریکہ روانگی سے ایک روز قبل چین کے حوالے سے اپنے جذبات نہ چھپا سکیں ، انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا: "میں بہت اداس ہوں۔ ہوائی جہاز میں آنسو بہاوں گی, آپ سب سے  پیار کرتی ہوں". ملک واپس پہنچنے  کے بعد، ٹیسا موڈ نے سوشل میڈیا پر کہا، "گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آپ کی محبت اور حمایت کے لیے آپ سب کا شکریہ۔ جیسے ہی میں چین پہنچی، میں نے بہت سارے لوگوں کی محبت اور استقبال کو محسوس کیا، اور میں چین واپس جانے اور سفر  کی بے تابی سے منتظر ہوں ۔ یہاں کے لوگوں ، ثقافت اور کھانوں سے بہت پیار کرتی ہوں، آپ کی مدد کا شکریہ۔"



"بیجنگ کا شکریہ" ، "چین کا شکریہ"،یہ  بہت سارے کھلاڑیوں کی دلی آوازیں ہیں۔ سپین سے تعلق رکھنے والے فری اسٹائل اسکیئر تھیب ماگنن نے چینی اور انگریزی دونوں زبانوں  میں اظہار تشکر کیا: "چین کی طرف سے بہت زیادہ پیار ملا ہے۔ آپ کی مسلسل حمایت کا شکریہ۔"


بیجنگ سرمائی اولمپکس اختتام کو پہنچ رہے ہیں، اور پیرا اولمپک کھیل شروع ہونے والے ہیں۔ اولمپک ورثے کی نسبت جس کے بارے میں پیشہ ور افراد بات کر رہے ہیں، میں کہانی کا لفظ استعمال کرنے کو ترجیح دیتا ہوں۔ بیجنگ کی کہانی  جاری رہے گی۔ تمام رضاکار، منتظمین ، کھلاڑی، چینی عوام اور پوری دنیا کے لوگ، جو کھیلوں سے محبت کرتے ہیں اور اولمپک تحریک اور روح سے محبت کرتے ہیں، اس کہانی کے مرکزی کردار اور راوی ہیں، اور وہ اس کہانی کو  آئندہ سرمائی اولمپکس کے میزبان  اٹلی کے شہر میلان اور کورٹینا ڈامپیزو  تک ، دنیا کے ہر  ایک کونے تک ،اور  دنیا کے ہر ایک  فرد کے دل تک ، جاری رکھیں گے ۔