بیجنگ سرمائی کھیلوں کی مناسبت سے " ڈیجیٹل پوسٹرز" مقابلوں کا کامیاب انعقاد

2022/02/20 17:59:18
شیئر:

بیجنگ سرمائی اولمپکس2022ء کی مناسبت سے   چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس نے  پاکستان کے   انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ اور  چینی قونصلیٹ لاہور کے ساتھ ''ڈیجیٹل پوسٹرز'' مقابلوں کا شاندار انعقاد کیا، یہ مقابلے آٹھ فروری سے اٹھارہ فروری تک جاری رہے۔  مقابلے کے حتمی حصے میں 50 ڈیجیٹل پوسٹرز منتخب کئے گئے۔  بیس تاریخ کوا س حوالے سے لاہور میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔

اختتامی تقریب کے نام  اپنے پیغام میں چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کی سربراہ محترمہ مہوش (چیاؤ شاو) نے ڈیجیٹل پوسٹرز مقابلوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے حوالے سے  مذکورہ اشتراک کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک چائنا تعلقات میں اس طرح کے تعاون سے مثبت رجحان فروغ پاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثر کن لوگوں کے گرد گھومنے والی طرز حکومت کی وجہ سے چین کی لیڈر شپ بیجنگ سرمائی اولمپکس2022ء کو کامیابی سے منعقد کرنے میں سب سے سبقت لے گئی ہے ۔ ان کھیلوں میں لوگوں کی دلچسپی کو لے کر چلنا ، انٹر نیشنل معیار کو بر قرار رکھنا ،موسمی تغیرات کے ضمن میں سبز اولمپکس کاانعقاد کرانا اور کھلاڑیوں کی تمام تر ضروریات اور آسانیوں کا خیال رکھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ چین عالمی ذمہ داروں کو بخوبی اور احسن طریقے سے سر انجام دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ۔ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں عالمی اتحاد ، یکجہتی اور مشترکہ اتحاد کے پیغام کو پوری دنیا میں سراہا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چائینز قونصلیٹ لاہور کے قائمقام قونصل جنرل  پنگ  زنگ  گو(PENG  ZHENGWU)نے کہا ہے کہ چائنیز قونصلیٹ لاہور اپنے اشتراک کو انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے ساتھ مزید گہرا اور متنوع کر رہا ہے تاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو بلندیوں کے نئے افق پر لے جایا جا سکے ۔

انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے چیئرمین محمد مہدی اور صدر یاسر حبیب خان نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے تھیم کے حوالے سے ڈیجیٹل جدت اور اختراع کی پاکستانی نوجوانوں نے جس انداز سے تصویر کشی کی وہ قابل دید اور قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ایک کائناتی زبان ہے جو سب کے لئے ایک ہے ، یہ نہ ہی کسی امتیازی سوچ کے تابع ہونی چاہیے اور نہ ہی اس کا کوئی سیاسی رنگ ہونا چاہیے ۔

اسلام آباد میں قائم چینی سفارتخانے کے سیاسی شعبے کی سربراہ باو ژونگ(BAO ZHONG)نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے حوالے سے ڈیجیٹل پوسٹر ز مقابلوں کی کامیابی پر انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ ،چائنیز قونصلیٹ لاہور اور چائنہ میڈیا گروپ اردو سروس کومبارکباد پیش کی اور جیتنے والوں کی ڈیجیٹل وژن کے حوالے سے صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال جس میں ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کورونا وباء کی تباہ کاریوں کے سائے میں عالمی معاشی اور موسمی تغیرات کے اہداف میں نقصان اٹھا رہے تھے چین نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کااہتمام سے پوری دنیا کو ایک جگہ اکٹھا کر کے نہ صرف ان کے اندر زندگی کی نئی امنگ اجاگر کی بلکہ تمام تر چیلنجز کے باوجود آگے بڑھنے کی ایک شمع روشن کر دی ہے ۔