روس اور فرانس کا یوکرین بحران سے نمٹنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق

2022/02/21 14:37:57
شیئر:

بیس تاریخ کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت ہوئی۔ فریقین نے مشرقی یوکرین کے علاقے ڈونباس میں کشیدہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور بحران سے نمٹنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔روسی ایوان صدر کے مطابق پوٹن نے بات چیت کے دوران نشاندہی کی کہ یوکرین کی سکیورٹی فورسز کی اشتعال انگیزی ڈونباس کے علاقے میں صورتحال کی خرابی کی وجہ ہے۔ جبکہ فرانسیسی ایوان صدر کے مطابق میکرون کے خیال میں مشرقی یوکرین میں سویلین مسلح افواج کی موجودگی کی وجہ سے صورتحال کی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے دونوں صدور نے روس، یوکرین، فرانس اور جرمنی کی خارجہ امور کی وزارتوں اور سیاسی مشیروں کے ذریعے سفارتی حل کی کوششوں  کو تیز کرنے پر اتفاق کیا تاکہ جنگ بندی کی بحالی اور ڈونباس تنازعہ کے حل میں پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
میکرون اور پوٹن نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ "یوکرین کے حوالے سے سہ فریقی رابطہ گروپ"، یعنی روس، یوکرین اور او ایس سی ای، اکیس تاریخ کو  ملاقات کریں گے۔  پوٹن نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ امریکہ اور نیٹو کو روس کی سلامتی کے مطالبے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ٹھوس اور حقیقی اقدامات اپنانے چاہیے۔