یوکرین کی صورتحال بڑے معاشی خطرات کا باعث ہے۔کرسٹینا جور جیوا

2022/02/26 16:34:04
شیئر:

پچیس فروری کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی صدرکرسٹینا جورجیوا نے  یوکرین کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یوکرین کی صورتِ حال  خطے اور دنیا کے لیے بڑے اقتصادی خطرات کا باعث ہے۔ آئی ایم ایف اس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہا ہے جس میں مالیاتی نظام کے امور ،منڈیوں اور خطے سے اقتصادی تعلقات رکھنے والے ممالک پر براہ راست اثرات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  آئی ایم ایف اپنے رکن ممالک کی مدد کے لیے تیار ہے۔
کرسٹینا جورجیوا نے یوکرین میں اس ہفتے کی صورت حال میں ہونے والی پیش رفت کو تشویش کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع جتنا طویل ہوگا، اس کے اقتصادی اثرات اتنے ہی سنگین ہوں گے۔ عالمی معیشت کووڈ-۱۹ کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے بچتے ہوئے بحالی کی طرف آ رہی ہے اور ایسے میں  یوکرین کا بحران ، اس پیش رفت کے لیے  تباہ کن ہو سکتا ہے۔
آئی ایم ایف کی سربراہ نے بتایا کہ یوکرین نے آئی ایم ایف سے ہنگامی مالی امداد کی درخواست کی ہے۔اس سلسلے میں آئی ایم ایف،   پالیسی مشورے جاری رکھنے کے علاوہ،  یوکرین کو مزید مالی امداد فراہم کرنے  کے لیے تمام آپشنز پر غور کر رہا ہے۔
اسی دن کرسٹینا جورجیوا نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی لا اسکول کے ایک آن لائن پروگرام میں بات کرتے ہوئے  کہا کہ یوکرین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور روس کے خلاف مغربی اقتصادی پابندیاں، بین الاقوامی توانائی اور زرعی قیمتوں کو بڑھا سکتی ہیں نیز  افراط زر میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ یوکرین کے حالات سےمالیاتی منڈیوں میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال، ابھرتی ہوئی منڈیوں سے بین الاقوامی سرمائے  کے اخراج کا باعث بھی بن سکتی ہے۔