چین کے " دو اجلاسوں " کے دوران صدر شی جن پھنگ کی مصروفیات

2022/02/28 14:50:24
شیئر:

تیرہویں قومی عوامی کانگریس کا پانچواں اجلاس اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی تیرہویں قومی کمیٹی کا پانچواں اجلاس بالترتیب 5 اور 4 مارچ کو بیجنگ میں شروع ہوگا۔ جیسا کہ دنیا پر چین کا اثر و رسوخ گہرا ہوتا جا رہا ہے، ہر سال "دو اجلاس " بھی بین الاقوامی برادری کے لیے چین پر توجہ مرکوز کرنے کا ایک اہم موقع  بن گئے ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ ان "دو اجلاسوں" کے دوران  صدر شی  جن پھنگ کی کیا مصروفیات ہوں گی؟

سب سے پہلے  کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور ریاست کےاعلیٰ رہنما کے طور پر، صدر شی جن پھنگ  چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس اور  قومی عوامی کانگریس کے اجلاسوں کی افتتاحی اور اختتامی  تقریبات  نیز  قومی عوامی کانگریس کے تمام  کل رکنی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں وہ  دوسرے  نمائندوں کے ساتھ  حکومتی  ورک رپورٹ ،  قومی عوامی کانگریس کی  مجلس قائمہ کی ورک رپورٹ ،  اعلیٰ ترین عوامی عدالت اور   سپریم  عوامی پروکیوریٹریٹ کی  الگ الگ ورک رپورٹ سمیت  اہم دستاویزات کا جائزہ لیں گے ۔

اس کے علاوہ "دو اجلاسوں" کے دوران صدر شی جن پھنگ کے اہم ترین کاموں میں سے ایک صوبائی وفود کی بحث میں حصہ لینا ہے۔قومی عوامی کانگریس کے ایک عام نمائندے کی حیثیت سے وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے ادا کرتے ہوئے  سال کی حکومتی  ورک رپورٹ پر غور و خوض کریں گے۔ گرما گرم موضوعات پر  نمائندوں کے ساتھ وسیع اورتفصیلی  تبادلہ خیال کریں گے اور  اہم خطابات کریں گے ۔ مختلف صوبوں کے وفود کی بحث میں شرکت کے علاوہ صدر شی جن پھنگ ہر سال  پیپلز لبریشن آرمی اور پیپلز آرمڈ پولیس فورسز کے وفود کے اجلاس میں شرکت  کرتے ہوئے اہم تقاریر کرتے ہیں اور قومی دفاع اور فوج کی تعمیر کے حوالے سے  رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

مزید برآں، صدر شی چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے مشترکہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور  مندوبین کے ساتھ ریاستی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ گزشتہ 9 سالوں سے، صدر شی نے ہر سال مختلف شعبوں پر مبنی  مشترکہ گروپ کے اجلاسوں میں شرکت کی ہے، جن میں 20 شعبوں بشمول جمہوری  سیاسی جماعتو ں ، سمندر پار چینی فیڈریشنز،  اقلیتی قومیتوں ، اقتصادیات، طب اور صحت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت ، فنون  لطیفہ  اور سوشل سائنس  وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے سمپوزیم اور تبادلوں کے دوران  مندوبین کی آراء اور تجاویز سننے کے بعد ہدف کے تقاضے طے  کرتے ہوئے ترقی کی سمت کی نشاندہی کی ہے ۔

یہی چین کے " دو اجلاسوں " این پی سی اور سی پی پی سی سی کے دوران صدر شی جن پھنگ کی مصروفیات ہیں ۔ نومبر  دو ہزار بارہ میں منعقدہ  کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 18ویں قومی کانگریس کے بعد سے  رواں سال یہ دسویں مرتبہ ہو گا کہ صدر شی جن پھنگ " دو اجلاسوں "میں شرکت کریں گے۔   اس  دوران ان کی اہم تقاریر  اندرون و بیرون ملک گرما گرم بحث کو جنم دیں گی اور  بین الاقوامی برادری کی توجہ کا مرکز بنیں گی ۔ تو صدر شی  جن پھنگ اس سال کے دو اجلاسوں میں کیا کہیں گے؟، آئیے انتظار کریں اور  جانیں!