موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں چین کے "دو اجلاسوں" کی عالمی اہمیت کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ سید حسن جاوید، سابق سفیر

2022/03/02 15:05:46
شیئر:

چین کے سیاسی کلینڈر میں قومی عوامی کانگریس اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے اجلاسوں کو اہم ترین سیاسی سرگرمی کا درجہ حاصل ہے۔چین میں عوام پر مبنی جمہوری عمل کو  آگے بڑھانے  اور چینی عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق فیصلہ سازی  کے عمل میں ان دونوں  اجلاسوں کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔دوسری جانب چین کے حالیہ دو اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہو رہے ہیں جب دنیا ہنگامہ خیز تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ایسے میں چین کی اس سب سے بڑی سیاسی سرگرمی کی عالمی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

ان دونوں اجلاسوں میں اگرچہ فیصلے تو چین کے تناظر میں کیے جاتے ہیں مگر چین کی عالمی و علاقائی ساکھ  بالخصوص مضبوط معیشت  کے باعث اس سیاسی سرگرمی کے اثرات دنیا پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔کووڈ۔19کی وبائی صورتحال کے باوجود چین کی معیشت نے ترقی کا رجحان برقرار رکھا ہے اور  چین اس وقت عالمی اقتصادی بحالی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔دنیا منتظر ہے کہ ان دونوں اجلاسوں کے دوران  چین کیا ایسی معاشی پالیسیاں اپناتا ہے جو  دیگر ممالک کے بھی وسیع مفاد میں ہوں گی۔اسی طرح روس۔یوکرین تنازعہ کے حل میں بھی چین کی سفارت کاری کی اہمیت ہے۔چین تنازعات کے پر امن حل کا داعی رہا ہے اور  موجودہ صورتحال میں بھی دنیا توقع کرتی ہے کہ چین اپنے اثرو رسوخ اور عالمی ساکھ کو بروئے کار لائے گا۔

حالیہ عرصے میں  امریکہ سمیت چند مغربی طاقتوں نے بالادستی کی پیروی کرتے ہوئے  چین کو دبانے اور چین کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔اس تناظر میں چین کی اعلیٰ قیادت ان دونوں اجلاسوں کے دوران اپنی ترقیاتی سمت کے تعین سمیت ایسے عناصر سے نمٹنے کے لیے بھی لائحہ عمل وضع کرئے گی تاکہ ترقی کا سفر جاری رکھا جا سکے۔