پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات

2022/03/23 20:02:03
شیئر:

بائیس مارچ 2022 کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں وزیر اعظم کے دفتر میں چین کے ریاستی  کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔ پاکستانی وزیرِ اعظم نے وانگ ای کے چینی وزیر خارجہ کی حیثیت سے پہلی بار او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کرنے کا خیرمقدم کیا اور اس بات کو سراہا کہ چین، اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

فریقین  نے چین پاکستان تعلقات کی سٹریٹیجک اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامہ خیز بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر چین اور پاکستان کو  تعاون مزید مضبوط بنانا چاہیے اور خطے اور دنیا کے لیے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھناچاہیے۔ دونوں ممالک  نے چین-افغانستان-پاکستان وزرائے خارجہ اجلاس اور افغانستان کےہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ عمران خان نے کہا کہ چین، افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعاون، افغانستان میں استحکام کے حصول اور علاقائی رابطوں میں افغانستان کے اہم کردار کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان چین کے ساتھ مشترکہ طور پر اعلیٰ معیار کے ساتھ "بیلٹ اینڈ روڈ" کی تعمیر اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے افغانستان تک توسیع کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

فریقین نے یوکرین کے معاملے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان نے مشترکہ طور پر امن کے لیے آواز اٹھائی ہے اور امن مذاکرات کو فروغ دیا ہے۔ اس بات کی حمایت کی جاتی ہے کہ یوکرین کو بڑی طاقتوں کے کھیل میں شامل ہونے کی بجائے مشرق اور مغرب کے درمیان رابطے کا پل بننا چاہیے۔ اس وقت یوکرین کے بحران کے پھیلاؤ کو روکنا ضروری ہے۔ امریکہ، یورپ اور نیٹو کو چاہیے کہ وہ روس کے ساتھ بات چیت کریں اور سلامتی کے ناقابل تقسیم ہونے کے اصول کے مطابق ایک متوازن، موثر اور پائیدار سکیورٹی  ڈھانچہ تشکیل دیں تاکہ یورپ کو جنگ سے اور دیگر خطوں اور ممالک کو اس میں ملوث ہونے سے بچایا جا سکے۔