چین اور یو این ایچ سی آر افغانستان کو انسانی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ 

2022/03/28 10:26:26
شیئر:

ستائیس مارچ کو چین کے جنوب جنوب تعاون امدادی فنڈ اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (UNHCR) کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی جانے والی امداد حوالگی کے موقع پر افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ افغانستان میں چین کے سفیر وانگ یو اور افغانستان میں یو این ایچ سی آر کی قائم مقام نمائندے یومیکو تاکاشیما نے تقریب میں شرکت کی۔
وانگ یو نے کہا کہ افغانستان کو اس وقت سنگین انسانی بحران اور اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے اور اسے جلد از جلد تمام فریقوں کی مدد کی ضرورت ہے۔ چین اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان کے لیے  ہنگامی انسانی امداد کی اپیل کا خیرمقدم کرتا ہے اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور عالمی خوراک کے پروگرام کو اضافی عطیات فراہم کر رہا ہے۔ دوسری طرف، چین دو طرفہ چینلز کے ذریعے افغان عوام کی عملی طور پر مدد کررہا ہے۔ چین نے خوراک، ادویات اور موسم سرما کے لیے اشیائے ضروریہ سمیت امداد فراہم کی اور چلغوزے کی درآمد کے لیے 36 چارٹرڈ پروازوں کا انتظام کیا جس سے افغانستان کو 22 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی آمدنی ہوئی ہے۔اس سے  چینی اور افغانی عوام کے درمیان دوستی کے نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔ 
یومیکو تاکاشیما نے یو این ایچ سی آر کو مالی مدد فراہم کرنے اور افغانستان کے لیے امداد جاری رکھنے پر  چین اورچین کے جنوب جنوب تعاون امدادی فنڈ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی فلاح کی صورتحال اچھی نہیں ہے اور عوام کو بقا کے شدید بحران کا سامنا ہے، چینی کی یہ امداد ی کھیپ بالکل بروقت ہے اور افغانستان میں 90,000 سے زائد بے گھر پناہ گزینوں اور اسکول کے بچوں کو آسانی فراہم کرے گی۔