مسئلہ افغانستان کے حوالے سے سہ فریقی اجلاس میں اہم اتفاق رائے

2022/03/31 17:25:19
شیئر:

چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے اکتیس تاریخ کو افغان ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے تیسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف فریقوں کو تجویز پیش کی کہ خودمختاری ، خوشحالی اور پرامن ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے افغانستان کی حمایت کی جائے ۔ اجلاس میں ایک مشترکہ اعلامیہ ا ور افغانستان میں تعمیر نو اور ٹھوس تعاون کے تناظر میں تجاویز بھی  پیش کی گئیں ۔ اجلاس میں افغانستان سے متعلق مندوبین کی ملاقات کا باقاعدہ طریقہ کار شروع کرنے اور سیاسی و سفارتی امور، اقتصادیات اور انسانی ہمدردی اور سلامتی و استحکام پر تین ورکنگ گروپس کے قیام کا اعلان بھی  کیا گیا۔
 اجلاس  کے بعد، وانگ  ای  نے تمام  شرکاء کی جانب سے اجلاس میں طے پانے والے اتفاق رائے کا نچوڑ بیان کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیا جائے ، ملک کا مستقبل  افغان عوام کے اپنے ہاتھوں میں دیا جائے  ،  قومی حالات اور  عہد حاضر  کے رجحان کے مطابق افغانستان کی ترقیاتی راہ تلاش کی جائے۔ 
اجلاس میں افغان فریق سے بات چیت اور مشاورت کے ذریعے قومی مفاہمت اور ملکی اتحاد کے حصول کا مطالبہ کیا گیا اور افغان فریق پر زور  دیا گیا  کہ وہ مختلف دہشت گرد تنظیموں جیسا کہ "داعش " اور "ایسٹ ترکستان  اسلامک موومنٹ " کے حوالے سے مؤثر طور پر ایک واضح لکیر کھینچے،  سخت اقدامات سے ان کا خاتمہ کرے.اجلاس کے دوران  افغان عوام کو انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھنے، افغانستان کی اقتصادی تعمیر نو اور آزاد ترقی کی حمایت کرنے ، علاقائی روابط کو مضبوط بنانے اور انسانی امداد کو سیاسی بنانے کی مخالفت کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔