"ہمسایہ ممالک کا فارمولا " افغان عوام کے خوبصورت مستقبل کے لیے مددگار ہوگا،سی ایم جی کا تبصرہ

2022/04/01 11:20:18
شیئر:

اکتیس مارچ کو چینی صدر شی جن پھنگ نے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے لیے تحریری پیغام دیتے ہوئے زور دیا کہ ایک پرامن،مستحکم ،ترقی یافتہ اور خوشحال افغانستان تمام افغان عوام کی خواہش اور علاقائی ممالک و عالمی برادری کے مشترکہ مفادات میں ہے۔اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ اور تھوئن شی انیشیٹیو جاری کیے گئے ۔یوں افغانستان کے استحکام کے لیے "ہمسایہ ممالک کا فارمولا " پیش کیا گیا اور افغانستان میں عوامی زندگی کی بہتری اور انسانی حقوق کو یقینی بنانےکے لیے سمت کا تعین کیا گیا ہے۔
اس فارمولے میں اقتصادی تعمیر نو اور دہشت گردی پر کاری ضرب لگانے سمیت افغانستان کی طویل مدتی ترقی کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔ اجلاس میں امریکہ پر زور دیا گیا کہ افغانستان کے ان مصائب کا آغازاس نے کیا ہے اس لیے اسے افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کی ذمہ داری بھی نبھانی چاہیئے۔
اجلاس کے دوران "چین-امریکہ-روس+" مذاکراتی اجلاس اور ہمسایہ ممالک اور افغانستان کی عبوری حکومت کے وزرائے خارجہ کے مذاکرات کا انعقاد بھی ہوا جو افغانستان کی مدد کے لیے عالمی برادری کے تعاون کو مضبوط بنائے گا نیز افغان عبوری حکومت سے براہ راست تبادلے کو بھی فروغ دیاجائے گا۔  افغانستان میں امن و امان کے قیام اور ترقی و خوشحالی کی خواہش کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ  افغانستان کے ہمسایہ ممالک کی ہے۔چین افغانستان کی تعمیر نو میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر افغان عوام کی مدد کرتا رہے گا تاکہ افغانستان کے عوام اپنے لیے ایک خوبصورت مستقبل تشکیل دے سکیں۔