شی جن پھنگ کی عوام دوست جذبے کے تحت فرائض کی بھر پور انجام دہی

2022/04/11 16:18:12
شیئر:

شی جن پھنگ  بطور صدر مملکت اور چین جیسے ایک بڑے ملک کے  سربراہ کے طور پر، ہمیشہ عوام کو اپنے دل میں رکھتے ہیں، عوام کے بارے میں سوچتے ہیں،   لوگوں کے قریب رہتے ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی پوری کوشش کرتے ہیں۔صدر  مملکت  نے خود کو لوگوں میں ضم کر دیا ہے اور   عوامی منشاء  اور توقعات کی روشنی میں احسن طور پر اپنے فرائض سر انجام دیے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ان کی ہر کاوش کو عوام کی بھرپور تائید اور ستائش حاصل ہے اور عوام اُن کی گورننس سے بے حد متاثر ہیں۔

ماضی پر نگاہ دوڑائیں تو  صدر شی جن پھنگ کے دل میں عوام دوستی کا بیج عین عالم شباب میں ہی جڑ پکڑ چکا تھا  ۔ 1969 میں اُس وقت جب  شی جن پھنگ کی عمر محض  16 برس سے بھی کم تھی ، وہ  بیجنگ سے صوبہ شائنسی کے ایک دیہی علاقے  لیانگ جیا حہ گئے  اور اپنی جوانی کے 7 سال وہاں  گزارے ۔ ان 7 سالوں کے دوران شی جن پھنگ نے مقامی  دیہاتیوں کے ساتھ  ایک ہی چھت تلے قیام کیا ،  اکھٹے کھانے کھائے اور کھیتی باڑی کا  کام بھی کیا  ۔اسی عرصے کے دوران  وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا  میں  شمولیت سے  گاؤں کی  سطح پر سی پی سی  کمیٹی کے سیکرٹری بن گئے۔ انہوں  نے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے گاؤں والوں کی کنووں کی کھدائی، کھاد  کی قابل کاشت زمین تک رسائی ، ڈیم کی تعمیر ، بائیو گیس ڈائجسٹر  کی تعمیر  اور سڑکوں کی مرمت میں رہنمائی کی ۔ اگرچہ اُن کی  دیہی زندگی کا سفر انتہائی مشکلات سے دوچار رہا  مگر  انہی مسائل نے شی جن پھنگ کی  قوت ارادی اور  کردار کو ایک نئی جلا بخشی۔انہوں نے گاؤں والوں سے گہرے دوستانہ روابط استوار کیے  اور لوگوں کے دلوں میں اپنی محبت کی ایک مضبوط بنیاد رکھی، اپنے عوام دوست جذبوں کی بدولت انہیں عام دیہی باشندوں نے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ لیانگ جیا حہ میں  قیام کے  2400 سے زائد  دنوں کے دوران، شی جن پھنگ نے  مقامی دیہاتیوں کے ساتھ گہری اور اٹوٹ دوستی کا ایک ایسا ناطہ قائم کیا جو آج بھی اُسی طرح برقرار ہے  اور لوگوں کے دلوں میں شی جن پھنگ سے لازوال محبت قائم ہے۔

1982 میں، شی جن پھنگ صوبہ حہ بے  کی زن ڈینگ  کاؤنٹی   میں فرائض سر انجام دینے لگے ۔ وہاں اپنے تین سال سے زائد عرصے دوران  انہوں  نے کاونٹی سر براہ کے طور پر خدمات انجام  دیتے ہوئے کاؤنٹی کے ہر گاؤں کا دورہ کیا۔ کاؤنٹی دفتر  کے ایک اہلکار نے ماضی کی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ  شی جن پھنگ اکثر  اپنے ساتھیوں کے ہمراہ   مختلف مقامات  کا دورہ کرتے تھے ۔ کاؤنٹی میں گرینڈ بازار کے موقع پر  وہ سڑک  کنارے ہی اپنا دفتر کھول لیتے  اور براہ راست لوگوں کی مشکلات کے بارے میں جانتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتے ۔ کاؤنٹی کے سرکاری دفتر کا دروازہ سائلین کے لیے ہمیشہ کھلا رہتا  ، یہاں تک کہ گوبر کی ٹوکری اٹھائے ایک بوڑھا کاشتکار بھی شی جن پھنگ کے روبرو اپنے مسائل پیش کر سکتا تھا  ۔ یوں عوام  کے ساتھ  تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کی آوازوں کو سننا شی جن پھنگ کا فرائض کی انجام دہی کے دوران وطیرہ بن چکا تھا ۔

اس کے بعد جون 1985 میں  شی جن پھنگ کو صوبہ فوجیان میں سرکاری فرائض کی انجام دہی پر مامور کیا گیا، انہوں نے صوبے اور اس کے تحت  شہر وں میں مختلف اہم عہدوں پر یکے بعد دیگرے خدمات سرانجام دیں ۔فوجیان میں اپنی تعیناتی کے 17 سالوں کے دوران، انہوں نے لوگوں کے دکھ سکھ غمی خوشی کو گہرائی سے سمجھا، اور  بعد میں طرز  حکمرانی کے بارے میں شی جن پھنگ کی سوچ بتدریج واضح اور پختہ ہوتی گئی ۔

اکتوبر 2002 میں، شی جن پھنگ  صوبہ فوجیان  سے روانہ ہونے کے بعد   صوبہ  زے جیانگ میں کام کرنے لگے ، جہاں انہوں نے  سی پی سی کی صوبائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری، قائم مقام گورنر اور پارٹی  کی صوبائی کمیٹی کے سیکرٹری کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔مارچ 2007 میں، انہیں شنگھائی میونسپل پارٹی کمیٹی کا سیکرٹری  مقرر کیا گیا، اور  اس کے بعد  انہوں نے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی میں فرائض سرانجام دیے  اور 2013 میں انتخاب کےذریعے صدر مملکت کا عہدہ سنبھالا  ۔ 

دسیوں سالوں  میں مختلف عہدوں پر کام کے تجربے سے انہیں عوام کے مصائب سے بخوبی آگاہی ملی  ہے اور وہ عوام سے گہری محبت اور دل و جان سے عوام کی خدمت  کا جذبہ رکھتے ہیں۔یوں یہ سمجھنا مشکل نہیں ہے کہ صدر شی جن پھنگ کیوں ہمیشہ عوام کو مرکزی حیثیت دیتے ہوئے ترقی کے فلسفے پر کاربند رہتے ہیں، عوام کو ہمیشہ اپنے دل میں اعلیٰ مقام پر رکھتے ہیں اور لوگوں کی خوشحالی کے خواہاں ہیں۔

دیہی علاقوں سے لے کر مرکزی حکومت تک، نچلی سطح کے مقامی عہدیداروں سے لے کر ملک کے صدر تک، شی جن پھنگ آج تک اپنے  ابتدائی نصب العین کو کبھی نہیں بھولے ہیں۔ عوام سے، عوام کے لیے اور عوام پر انحصار ،  ہمارے کام کی بنیاد ہے ۔  جیسا کہ صدر شی کا کہنا ہے "ایک قومی رہنما کے طور پر، عوام نے مجھے یہ اعلیٰ  مقام دیا ، لہذا  مجھے بھی ہمیشہ لوگوں کو اپنے دل میں اعلیٰ مقام پر رکھنا چاہیے۔