نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف چین کے تعاون سے سی پیک کو "پاکستان اسپیڈ" سے آگے بڑھانے کے لیے پر عزم ہیں۔ ڈاکٹر امجد عباس خان مگسی

2022/04/13 14:03:00
شیئر:

 ڈاکٹر امجد عباس خان مگسی پاکستان کی معروف جامعہ پنجاب میں بیلٹ اینڈ روڈ انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ ہیں اور عالمی و علاقائی امور کے حوالے سے ممتاز تجزیہ نگار ہیں۔

نو منتخب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اپنے اولین خطاب میں چین کے حوالے سے جن گرم جوش جذبات کا اظہار کیا وہ پورے پاکستانی عوام کے جذبات کی عمدہ ترجمانی ہے۔ وزیراعظم نے پاک۔چین دوستی کو لازوال اور اٹوٹ قرار دیتے ہوئے چین کو اپنا ایک مخلص اور قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا جو ہر آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کے  ساتھ رہا ہے۔نئی حکومت کی سفارتی ترجیحات بیان کرتے ہوئے شہباز شریف نے سب سے پہلے چین کا زکر کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں چین کو کس قدر نمایاں مقام حاصل ہے۔اسی طرح انہوں نے چینی صدر شی جن پھنگ کا بھی خاص طور پر شکریہ ادا کیا جو پاکستانی وزیراعظم کا چین کی اعلیٰ قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔

سی پیک کی تعمیر کے حوالے سے چین اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت کا واضح وژن اور ذاتی دلچسپی ہے اور دونوں ممالک یہ سمجھتے ہیں کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان اور چین کے مفاد میں ہے بلکہ علاقائی مفادات کو آگے بڑھانے میں بھی نمایاں اہمیت کا حامل ہے ۔ شہباز شریف نے اس منصوبے کو "پاکستان اسپیڈ" سے آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔اس کا مطلب یہی ہے کہ سی پیک کے تحت پاکستان بھر  میں جاری منصوبوں کی انتہائی تیز رفتاری سے تکمیل کی جائے گی۔ شہباز شریف اس سے قبل بطور وزیراعلیٰ پنجاب بھی متعدد مرتبہ چین کے دورے کر چکے ہیں اور اکثر وہ چین کی کرشماتی ترقی اور "چائنا اسپیڈ" کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں ، لہذا امید کی جا سکتی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور ذاتی دلچسپی کی روشنی میں سی پیک منصوبہ جات تیزی سے مکمل ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان سی پیک کے دائرہ کار کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون کو بھی وسعت ملے گی جس سے پاکستان کی اقتصادی سماجی ترقی میں مدد ملے گی۔