پاکستان میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامور کی نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات

2022/04/13 10:03:44
شیئر:
12 اپریل کی سہ پہر، پاکستان میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پھانگ چھن شو نے  پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف سے ایوان وزیر اعظم  میں ملاقات کی۔
اس موقع پر پھانگ چھن شو نے چینی حکومت اور چینی رہنماؤں کی جانب سے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نےکہا  کہ چین اور پاکستان چار موسموں کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط اور اٹوٹ ہیں۔ چین نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے، روایتی دوستی کو جاری رکھنے، سٹریٹجک رابطے کو مضبوط بنانے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو مزید فروغ دینے اور نئے دور میں چین پاکستان ہم نصیب معاشرے  کی تعمیر کا منتظر ہے۔
شہباز شریف  نے کہا کہ پاک چین دوستی کی دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں گہری جڑیں ہیں ، یہ دوستی اٹوٹ اور غیر متزلزل ہے۔ پاکستان چین کو اپنا بہترین دوست سمجھتا ہے اور چینی عوام کے ساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور باہمی مفاد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے۔دونوں ممالک کے تعلقات کو ملکوں کے درمیان تعلقات کا نمونہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ صدر شی جن پھنگ کی ذاتی دلچسپی کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر مسلسل آگے بڑھ رہی ہے اور ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت چین کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو نمایاں اہمیت دیتی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی، تعلیم، غربت کے خاتمے اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔پاکستان کی نئی حکومت نئے عزم اور کارکردگی کے ساتھ سی پیک کی تعمیر کو فروغ دے گی اور دونوں ممالک اور دونوں عوام کے بہترین مفاد میں  اسے "پاکستان سپیڈ" سے آگے بڑھائے گی۔