افغان حکام کی جانب سے مستحق لوگوں میں چین کی فراہم کردہ امدادی خوراک کی تقسیم

2022/04/24 10:04:49
شیئر:

افغان عبوری حکومت کی وزارت امور مہاجرین نے 23 تاریخ کو دارالحکومت کابل میں 1,500 مستحق  لوگوں  میں چینی حکومت کی فراہم کردہ خوراک کی امداد تقسیم کی۔یہ افغانستان کے لیے چینی حکومت کی انسان دوست امداد کے حوالے سے خوراک کی پانچویں کھیپ ہے جو رواں ماہ کے آغاز میں پہنچی تھی۔
وزارت امور مہاجرین کے ترجمان عبدالمطلب حقانی نے چینی میڈیا کو بتایا کہ خوراک کی تقسیم کے دوران ہر مستحق فرد کو 50 کلو چاول دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت  چینی حکومت کی شکر گزار ہے  جس نے مشکل صورتحال میں افغانستان کی مدد کی ہے ۔
افغانستان اس وقت شدید انسانی بحران کا شکار ہے۔ چینی حکومت نے پچھلے سال ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ افغانستان کو 200 ملین یوآن مالیت کی خوراک، موسم سرما کا سامان، ویکسین، ادویات اور دیگر ہنگامی انسانی امداد فراہم کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت اب تک 6,220 ٹن خوراک کی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔